پاکستان

'آدھا ٹرک سامان برآمد ہوا لیکن خبر صرف مرغی چوری کی'

پولیس کو ملزم سے کیا نفرت تھی؟ کیا پولیس نے بازار سے یہ چیزیں خرید کر برآمد کروائیں؟ سپریم کورٹ
|

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے مرغی چوری کے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو 3 ماہ میں معاملے کا فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے مرغی چور کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم محمد زاہد 4 مقدمات میں سزا یافتہ ہیں جس سے ڈسپنسر، ایل سی ڈی، کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور جیولری سمیت نقب زنی کے آلات بھی برآمد ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ: مرغی چوری کے مبینہ ملزم کا ریکارڈ طلب

جسٹس قاضی فائزعیسی نے وکیل صفائی سے ملزم کے پیشے سے متعلق پوچھا تو وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم مزدوری کرتا ہے۔

جسٹس قاضی فائزعیسی نے ریمارکس دیے کہ پولیس کو آپ کے موکل سے کیا نفرت تھی؟ کیا پولیس نے بازار سے یہ چیزیں خرید کر برآمد کروائیں؟

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے گھر سے آدھا ٹرک چوری شدہ سامان کا برآمد ہوا، جس پر جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ آدھا ٹرک برآمد ہوا لیکن خبر تو صرف مرغی چوری کی لگوائی گئی۔

سپریم کورٹ نے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو 3 ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

اس سے قبل 12 فروری کو سپریم کورٹ نے مرغی چوری کے الزام میں گزشتہ ایک برس سے قید ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے ملزم سے متعلق تمام ریکارڈ 3 دن میں طلب کیا تھا۔

واضح رہے کہ ملزم زاہد پر ان کے مالک سجاد نے 15 مرغیاں چوری کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس پر پولیس نے ایف آئی آر درج ہونے سے قبل ہی انہیں گرفتار کرلیا تھا۔

بعد ازاں پولیس نے زاہد کے خلاف 380/457 (پی پی سی 1860) کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی جو کہ قابل ضمانت جرم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مرغی چوری کے الزام میں ایک سال سے قید ملزم کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی ملزم کی درخواست ضمانت کو مسترد کردیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے سپریم کورٹ میں ضمانت پر رہائی کی درخواست دی تھی۔

یاد رہے کہ 2016 میں سپریم کورٹ نے ایک ہزار روپے کا دھینا چرانے والے ملزم کی درخواست ضمانت منظور کی تھی۔

ملزم نے ایک سال قبل ایک ہزار روپے کا دھنیا چوری کیا تھا جس پر ٹرائل کورٹ اور ہائیکورٹ نے بھی ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے دھنیا چوری کے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی تھی اور اسے رہا کردیا تھا۔