پاکستان

ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید حوالدار عبدالرب کی نماز جنازہ ادا

پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہیدکے جسد خاکی کو سلامی دی اورانہیں فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپردخاک کیا گیا

نکیال سیکٹر پر بھارت کی فائرنگ سے شہید ہونے والے حوالدار عبدالرب کو ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی بھی دی اور انہیں فوجی اعزازکےساتھ کوٹ قصرانی میں ان کے آبائی قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔

شہید کی نمازجنازہ میں رشتہ داروں، فوجی افسران، انتظامیہ اورعلاقہ مکینوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

نمازہ جنازہ کے شرکا نے نعرہ تکبیر بلند کرکے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

شہید عبدالرب نے ہفتے کوایل او سی کےنکیال سیکٹر پر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیاتھا۔

مزید پڑھیں: بھارتی فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوانوں سمیت 4 افراد شہید

واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول نکیال سیکٹر میں بھارتی فورسز کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوانوں سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے جاری بیان کے مطابق شہید ہونے والوں میں 31 سالہ حوالدار عبدالرب کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے تھا اور ان کے سوگوران میں بیوہ اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔

پاک فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے شدید گولہ باری جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوچکے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے بھارتی گولہ باری کے جواب میں فوجی چوکیوں کو نشانہ بنا کر بھرپور جواب دیا جبکہ پاک فضائیہ اور پاکستان نیوی بھی الرٹ ہیں۔

دوسری جانب ضلع پونچھ کے علاقے درہ شیر خان میں لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب سے بھارتی اسنائپر کی گولی سے 19 سالہ عبدالغفار زخمی ہوگیا۔

پاک-بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے باوجود لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے شدید شیلنگ کا سلسلہ کسی طور تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔