او آئی سی نے کشمیری عوام کی غیر متزلزل حمایت کا عزم دہرا دیا، دفتر خارجہ
او آئی سی کی قرارداد میں وزیر اعظم کی بھارت کو مذاکرات کی پیشکش، بھارتی پائلٹ کی واپسی کے اقدامات کو سراہا گیا، ترجمان
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں کشمیری عوام کی غیر متزلزل حمایت کا عزم دہرایا گیا اور کشمیری عوام کی حمایت پر مبنی قرارداد منظور کی گئی۔
دفتر خارجہ نے او آئی سی کے 46ویں وزرائے خارجہ اجلاس پر ردعمل میں کہا کہ اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد میں رکن ممالک نے زور دیا کہ جموں و کشمیر، پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازع ہے اور جنوبی ایشیا میں امن کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے اس کا حل ناگزیر ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ قرارداد میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کی حالیہ لہر کی سخت الفاظ میں مذمت بھی کی گئی اور مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔