پاکستان نے بھارت کے خلاف ماحولیاتی دہشت گردی کی شکایت درج کرانے کا فیصلہ کرلیا
اسلام آباد: پاکستانی حدود میں بھارتی فضائی حملے کے نتیجے میں صنوبر کے درختوں کو پہنچنے والے نقصان پر پاکستان نے بھارت کے خلاف اقوامِ متحدہ میں ’ماحولیاتی دہشت گردی‘ کی شکایت درج کروانے کا فیصلہ کرلیا۔
اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے حالیہ جارحیت کے نتیجے میں ماحول کے تحفظ کے حکومتی منصوبے 'بلین ٹری سونامی' کے تحت لگائے گئے درختوں کو شدید نقصان پہنچا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ماحول کو نقصان اور پرندوں اور درختوں کو ایذا پہنچانا موحولیاتی دہشت گردی میں شمار ہوتا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی حکومت اپنے درختوں کے بارے میں بہت سنجیدہ ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: درخت لگائیے لیکن یہ بھی سوچیے کہ یہ بحران پیدا کیسے ہوا؟
واضح رہے کہ متاثرہ مقام کا دورہ کرنے والے مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ بھارتی فضائیہ کی جانب سے گرائے گئے پے لوڈ کے نتیجے میں کئی درخت تباہ ہوئے اور جنگلی حیات کو نقصان پہنچا۔
اس حوالے سے متاثرہ مقام کا دورہ کرنے والے بین الاقوامی خبر رساں ادارے سے وابستہ صحافی کا کہنا تھا کہ بمباری کی جگہ پر 4 بڑے گڑھے دیکھے گئے اور صنوبر کے 15 سے زائد درخت تباہ ہوئے جبکہ مقامی افراد نے بھارتی دعوے کی تردید کی کہ اس کے حملے کے نتیجے میں سیکڑوں عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔