فروری میں مہنگائی کی شرح میں 8.2 فیصد اضافہ
اسلام آباد: سالانہ کے اعتبار سے روپے کی قدر میں کمی اور طلب میں اضافے کے باعث رواں سال فروری میں مہنگائی کی شرح 8.2 فیصد تک پہنچ گئی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس اکتوبر کے مقابلے میں مہنگائی 4 سال کی بلند ترین سطح عبور کر کے 6.78 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث گزشتہ چند ماہ کے دوران بڑے شہروں میں تازہ پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں خاصہ اضافہ دیکھنے میں آیا جب کے گزشتہ برس جولائی سے فروری تک کے عرصے میں مہنگائی میں اوسطاً 6.46 فیصد اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: منی بجٹ 2019 ترامیم کیلئے قومی اسمبلی میں پیش
خیال رہے کہ حکومت نے مالی سال 19-2018 کے لیے مہنگائی میں 6 فیصد اضافے کا تخمینہ لگایا تھا لیکن فروری میں ہی مہنگائی مذکورہ سطح عبور کرچکی جبکہ مالی سال 2018 میں مہنگائی کی اوسط شرح 3.92 فیصد اور 2017 میں 4.16 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔