ابھی نندن کو بین الاقوامی قوانین کے تحت عزت سے قید میں رکھا، دفتر خارجہ
دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بین الاقوامی قوانین کے تحت عزت سے قید میں رکھا۔
ابھی نندن کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیے جانے کے بعد جاری بیان میں ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ 'بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو 27 فروری کو پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کا مِگ 21 طیارہ آزاد کشمیر میں تباہ کیے جانے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔'
انہوں نے کہا کہ 'پاکستان نے ابھی نندن کو بین الاقوامی قوانین کے تحت عزت سے قید میں رکھا، جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے کشیدگی کم کرنے کے لیے امن کی علامت کے طور پر انہیں بھارت کے حوالے کرنے کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں: بھارت کے گرفتار پائلٹ کو جذبہ خیر سگالی کے تحت کل رہا کردیں گے، وزیراعظم
واضح رہے کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو سخت سیکیورٹی میں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے بھارتی طیاروں کو گرانے کے بعد گرفتار کیے گئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو تمام کاغذی کارروائی کے بعد واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا اور وہ واپس اپنے ملک پہنچ گئے۔
ابھی نندن کی حوالگی کے موقع پر بھارت کی جانب سے اپنی سرحد پر پرچم اتارنے کی تقریب کو منسوخ کردیا گیا جبکہ پاکستان کی جانب سے واہگہ بارڈر پر حسب معمول پرچم اتارنے کی تقریب منعقد ہوئی۔
بھارت حوالگی سے قبل ابھی نندن کی ایک اور ویڈیو جاری کی گئی جس میں انہوں نے کہا کہ 'ٹارگٹ تلاش کررہا تھا کہ پاک فضائیہ نے میرا طیارہ مار گرایا، اس کے بعد مجھے اپنا جہاز چھوڑنا پڑا جو ٹوٹ گیا تھا۔'
یہ بھی پڑھیں: مشتعل ہجوم سے بچانے پر پاک فوج کے جوانوں کا شکر گزار ہوں، بھارتی پائلٹ
انہوں نے کہا کہ 'بھارتی میڈیا بات ہمیشہ بڑھا چڑھا کر کہتا ہے اور چھوٹی سی چیز ہوتی ہے اس کو اتنا آگ اور مرچ لگا کر بولتے ہیں کہ لوگ اس کے بہکاوے میں آجاتے ہیں۔'
ابھی نندن نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ 'پاکستانی آرمی بہت ہی پروفیشنل سروس ہے، میں نے پاکستانی آرمی کے ساتھ وقت گزارا اور میں بہت متاثر ہوں۔'