چھوٹے میاں سبحان اللہ! پی ایس ایل کے نئے اسٹارز
کراچی اور لاہور وطنِ عزیز کے سب سے بڑے اور خوبصورت ترین شہر ہیں اور دنیا کے ہر ملک کے بڑے شہروں کی طرح مختلف لحاظ سے ان دونوں کے درمیان بھی کھینچا تانی ہوتی رہتی ہے۔ چاہے وہ کھانوں کے سلسلے میں ہو یا کھیل کے میدانوں میں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی-لاہور مقابلہ سب سے زیادہ دیکھا جاتا ہے۔
اس سال پی ایس ایل سیزن 4 میں دونوں روایتی حریف 2 مرتبہ ٹکرا چکے ہیں، پہلے لاہور نے کامیابی حاصل کی اور اب لیگ کے نازک ترین مرحلے پر جب تمام ہی ٹیموں کو فتوحات کی سخت ضرورت ہے، کراچی نے میدان مار لیا ہے۔
اس میچ کے مردِ میدان تھے افتخار احمد، ذرا غیر معروف نام ہے لیکن کافی عرصے سے ڈومیسٹک سرکٹ کھیل رہے ہیں بلکہ 2015ء اور 2016ء میں پاکستان کے لیے چند ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیل چکے ہیں۔ اپنے اسی تجربے کو افتخار نے لاہور کے خلاف خوب استعمال کیا اور آل راؤنڈ کارکردگی کے ذریعے کنگز کو اہم کامیابی دلائی۔ پہلے باؤلنگ کرتے ہوئے 4 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور پھر بیٹنگ میں اس وقت ناقابلِ شکست 33 رنز بنائے کہ جب کراچی کو ان رنز کی سخت ضرورت تھی۔
افتخار احمد جیسے کئی کم معروف اور نئے نام ہیں جو ہمیں پی ایس ایل 4 میں نظر آ رہے ہیں۔ ہر سال چند ایسے کھلاڑی قومی کرکٹ کے دامن میں گرتے ہیں کہ جن کی کارکردگی دل خوش کر دیتی ہے۔ شاداب خان سے محمد نواز اور فخر زمان سے شاہین آفریدی تک، ایسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی طویل فہرست ہے جنہوں نے پی ایس ایل سے نکل کر دنیا بھر میں نام کمایا۔