پاکستان

حقیقی مدبر: بھارتی پائلٹ کی رہائی کے فیصلے پر عمران خان کی تعریفیں

ایک اعلیٰ عمل اپنا راستہ خود بناتا ہے، آپ کے جذبہ خیر سگالی سے اربوں لوگوں کو خوشی ملی، نوجوت سنگھ سدھو

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارت کے گرفتار پائلٹ کو جذبہ غیر سگالی کے تحت رہا کرنے کے اعلان پر سوشل میڈیا ان کے لیے قابل ستائش پیغامات سے بھر گیا۔

عمران خان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں کہا تھا کہ ’26 جولائی کو جب میں وزیر اعظم نہیں بنا تھا تب بھی میں نے یہ بیان دیا تھا کہ بھارت ایک قدم ہماری جانب بڑھائے، پاکستان 2 قدم بڑھائے گا‘۔

مذکورہ بیان کے بعد سوشل میڈیا ٹوئٹر پر دونوں ممالک سے تعلق رکھنے والی قابل ذکر شخصیات نے عمران خان کے بیان کو حالات کے تناظر میں اہم اور مثبت قرار دیا۔

'آپ کا جذبہ خیر سگالی اربوں لوگوں کی خوشی'

بھارتی ریاست پنجاب کے وزیر اور سینئر کانگریس رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ ’ایک اعلیٰ عمل اپنا راستہ خود بناتا ہے، آپ کے جذبہ خیر سگالی سے اربوں لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، قوم خوشی منا رہی ہے، میں ان کے والدین اور محبت کرنے والوں کے لیے بہت خوش ہوں‘۔

'شکریہ عمران خان'

بھارتی صحافی سمیتا شرما نے ٹوئٹر پر اظہار کیا کہ ’کامیابی کے دعویٰ اور شور شرابے میں (جنگی قیدی) ابھی نندن کی گھر واپسی باعث اطمینان ہے ، بہت شکریہ عمران خان‘

'پاکستان نظریاتی جنگ کا فاتح'

بھارتی دفاعی تجزیہ کار اور سابق آرمی کرنل اجے شکلا نے ’نظریاتی محاذ‘ پر ہونے والی کشیدگی کو سنبھالنے پر پاکستان کی تعریف کی اور مذکورہ فیصلے کو اسلام آباد کی مکمل کامیابی قرار دیا۔

'حقیقی مدبر'

مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی وزیراعظم عمران خان کی تعریف کی اور کہا کہ ’انہوں نے حقیقی معنوں میں ایک مدبر کا کردار ادا کیا۔'

انہوں نے کہا کہ ’پاکستانی وزیراعظم نے آج صاحب تدبر ہونے کا مظاہرہ کیا، یہ وقت ہے ہمارے سیاستدانوں موجودہ حالات میں کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں، جموں و کشمیر کے لوگ شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہیں، وہ لوگ اور کتنا وقت برداشت کریں گے؟‘۔

'بھارتی وزیر اعظم چِت ہوگئے'

بھارتی افسانہ نگار کرشن پرتاپ سنگھ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے بھارتی ہم منصب کے مقابلے میں زیادہ بہتر کردار ادا کیا اور انہیں چِت کردیا۔

'بہترین مدبر'

پاکستان میں انسانی حقوق کی وزیر ڈاکٹر شریں مزاری نے کہا کہ ’وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر بہترین مدبر ہونے کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی قوم و ریاست پر اعتماد کا مظاہرہ کیا۔ لیڈر کا اعتماد اس کی قوم کی طاقت پر ہے اور جسے انتہا پسند نعروں کی ضرورت نہیں، دنیا کو بتانے کا وقت آگیا کہ پاکستان ایک پراعتماد اور امن پسند ملک ہے‘۔

'پاکستان ہر محاذ پر سرخرو'

گلوکار فخر عالم نے کہا کہ ’گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران عمران خان کی حکومت عسکری، سیاسی، سفارتکاری، اخلاقیات کے میدان میں سرخرو ہوئی، آخر کار حکومت نے ذاتی اور خود غرضی پر مبنی مقاصد کو نظر انداز کیا۔'

'ہم جنگ کے بغیر ایک ساتھ چائے پی سکتے ہیں'

ایڈوکیٹ وقاص میر نے کہا کہ ’شاندار قدم: مودی کو اپنا جنگی جنون ختم کرنا چاہیے، بہت خوشی ہے کہ بھارتی ونگ کمانڈر اپنے اہلخانہ سے ملے گا، ہم سب مل کر جنگ کے بغیر بھی چائے پی سکتے ہیں‘۔

'زبردست عمران خان'

سینئر صحافی اور تجزیہ نگار مظہر عباس نے وزیراعظم کے فیصلے کو ’سب سے بڑا جذبہ خیر سگالی‘ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان نے بھارتی پلائلٹ کی رہائی کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے سب سے بڑا جذبہ خیر سگالی کا مظاہرہ کیا۔ زبردست عمران خان‘۔

'انہوں نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا'

سینئر کالم نگار اور تجزیہ کار زاہد حسین نے کہا کہ ’وزیراعظم عمران کی جانب سے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا حکم امن کے لیے سب بڑا جذبہ خیر سگالی ہے۔ انہوں نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا‘۔

’بے باک اور انسان صفت قدم‘

سابق وزیراعظم پاکستان بے نظیر بھٹو کی بھتیجی اور مصنفہ فاطمہ بھٹو نے عمران خان کے فیصلے کو ’بے باک اور انسان صفت قدم‘ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ’آج میں پاکستان کی جانب سے ہمدردانہ فیصلے پر بہت خوش ہوں۔ میں بہت عرصے سے حکومت کی نقاد رہی لیکن آج حکومت نے قابل تحسین قدم اٹھایا جو امن کے خواہاں بھارتیوں اور پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشی ہے‘۔

بھارت کی مشہور اداکارہ اور سیاست داں ہیما مالنی نے بھی وزیراعظم عمران خان کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا۔

ہیما مالنی نے ٹوئٹ کیا کہ انہیں بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی واپسی کی خبر سن کر بہت خوشی ہوئی.