قلندروں کا دھمال اور کراچی کے لیے وبال
حالات خواہ کیسے بھی ہوجائیں، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کا جوش اپنی جگہ برقرار رہتا ہے اور اب تو واقعی لیگ اتنے دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگئی کہ ہر مقابلہ دیکھنے کے قابل ہے۔
ملتان کے ہاتھوں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ناکامی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر جو صورتِ حال پیدا ہوئی تھی، بدھ کو ہونے والے 2 مزید میچز کے ساتھ وہ مزید پیچیدہ ہوچکی ہے۔ ان مقابلوں میں ایک طرف جہاں لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سرِفہرستِ پوزیشن سے محروم کردیا، وہیں اسلام آباد مسلسل 2 شکستوں کے بعد بالآخر کراچی کنگز کو ہرا کر سب سے اوپر پہنچ گیا ہے۔
مزید پڑھیے: ملتان کی حیران کن کامیابی، پی ایس ایل دلچسپ مرحلے میں
اس سیزن میں لاہور قلندرز نے روایتی حریف کراچی کنگز کے خلاف شاندار کامیابی سے بھی بڑھ کر جو کارنامہ انجام دیا ہے، وہ پوائنٹس ٹیبل پر سرِفہرست کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دینا ہے۔ اس ناقابلِ یقین کامیابی میں اہم کردار ادا کیا نیپالی باؤلر سندیپ لمیچھانے کی کیریئر بیسٹ باؤلنگ نے۔ انہوں نے شین واٹسن، رائلی روسو اور عمر اکمل جیسے بڑے ناموں سمیت 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، وہ بھی صرف 10رنز دے کر۔ اس کارکردگی کی وجہ سے کوئٹہ اسکور بورڈ پر صرف 106 رنز بنا پایا، جی ہاں صرف 106 رنز، جو لاہور نے باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر ہی عبور کرلیے۔
قلندرز کے پاس شاہین آفریدی اور حارث رؤف جیسے عمدہ فاسٹ باؤلرز تو ہیں ہی، لیکن یاسر شاہ کا ساتھ دینے کے لیے سندیپ کا میدانِ عمل میں کارکردگی دکھانا یقینی طور پر لاہور کے لیے بہت نیک شگون ہے اور باقی ٹیموں کے لیے ڈراؤنا خواب۔ بہرحال، لاہور کوئٹہ کے خلاف اپنے پچھلے میچ میں آخری گیند پر شکست کھا بیٹھا تھا، جس کا پورا پورا بدلہ انہوں نے دبئی میں لے لیا ہے۔