پاکستان

جنگ بندی کی خلاف ورزی، بھارتی قائم مقام ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر مستقل پاکستانی شہری آبادیوں کونشانہ بنارہی ہے، ترجمان دفتر خارجہ
|

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر کی جانے والی حالیہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر بھارت سے شدید احتجاج کیا۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر فیصل نے بھارتی قائم مقام ہائی کمشنر گورو اہلولیا کو دفتر خارجہ طلب کرکے انہیں احتجاجی مراسلہ تھمایا۔

دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب نکیال اور کھوئی رٹہ سیکٹرز میں 26 فروری کو بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں 4 پاکستانی شہید جبکہ 11 زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فورسز کی شیلنگ جاری، 3 پاکستانی زخمی

ترجمان کے مطابق بھارتی فوج مستقل پاکستانی شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ بھارت 2003 میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے جنگ بندی معاہدے کا احترام کرے۔

اس سے قبل یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ بھارتی فورسز کی جانب سے پاکستان کے علاقے آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مقام پر شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں مزید 3 پاکستانی زخمی ہوگئے۔

گزشتہ روز بھارتی فورسز کی شیلنگ کی وجہ سے نکیال سیکٹر میں 4 افراد جاں بحق 11 زخمی ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ 14 فروری کو بھارت کے زیر تسلط کشمیر کے علاقے پلوامہ میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی بس پر حملے میں 44 پیراملٹری اہلکار ہلاک ہوگئے تھے اور بھارت کی جانب سے اس حملے کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیا گیا تھا جبکہ پاکستان نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔

اس واقعے کے بعد بھارتی فورسز کی جانب سے سیالکوٹ پر ورکنگ باؤنڈری جبکہ آزاد کشمیر میں ایل او سی پر شیلنگ اور فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا جبکہ پاک فوج کی جانب سے اس کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے۔

گزشتہ روز بھارت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی فضائیہ کے طیاروں نے پاکستان کی حدود میں در اندازی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا مبینہ کیمپ کو تباہ کردیا۔

بعد ازاں پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بتایا تھا کہ آزاد کشمیر کے علاقے مظفرآباد میں داخل ہونے کی کوشش کر کے بھارتی فضائیہ کے طیاروں نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کی۔

یہ بھی پڑھیں: دراندازی کے بعد بھارت کو جواب دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا، آصف غفور

انہوں نے بتایا تھا کہ بھارتی فضائیہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی، جس پر پاک فضائیہ فوری طور پر حرکت میں آئی اور بھارتی طیارے واپس چلے گئے۔

جس کے بعد 27 فروری کی صبح پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی حالیہ خلاف ورزی کرنے والے بھارتی فورسز کے 2 لڑاکا طیاروں کو مار گرایا۔

پاک فوج کی جانب سے سماجے رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ ایک بھارتی لڑاکا طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کے علاقے آزاد کشمیر میں گرا۔