پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 28 فروری کو طلب
وزیراعظم کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے اجلاس کے بعدپارلیمانی لیڈرز کو ان کیمرا بریفنگ بھی دی جائے گی، علی محمد خان
وفاقی حکومت نے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) پر بھارت کی دراندازی کی کوشش کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال اور اپوزیشن کے مطالبے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 28 فروری کو طلب کرلیا۔
پارلیمانی امور کےوزیرمملکت علی محمد خان نے سینیٹ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں سمیت تمام پارلیمانی لیڈرز اور سینیئر رہنماوں کا اجلاس طلب کرلیا ہے اور پارلیمنٹ میں تمام اپوزیشن اور سینیئر لیڈرز کو ان کیمرا بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بزدل دشمن رات کے اندھیرے میں آیا لیکن دشمن کو بھاگنے پر مجبور کیا گیا اور دشمن کو بھرپور جواب دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں ہونے والی گفتگو اور اظہار جذبات بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ہوش دلانے کے لیے کافی ہوں گے کیونکہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔