بھارت کی دراندازی کی کوشش، وزیرخارجہ کے عالمی رہنماؤں سے رابطے
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف وزری کےبعد پیدا ہونے والی صورت حال پر پاکستان میں چین کے سفیر، امریکی سیکریٹری اسٹیٹ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل سے رابطہ کیا اور خطے میں امن و امان کی صورت حال سے آگاہ کردیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور پاکستان میں چین کے سفیر مسٹر یاﺅ جنگ کے درمیان ملاقات وزارتِ خارجہ میں ہوئی جہاں خطے میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے چینی سفیر کو پلوامہ واقعے کے بعد بھارت کے بے جا الزامات اور ایل او سی کی صریحاً خلاف ورزی پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک-چین دوستی لازوال اور خطے میں پائیدار امن کی حامل ہے اور پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہے۔
مزید پڑھیں:بھارت اب ہمارے جواب کا انتظار کرے، پاک فوج
وزیرخارجہ نے کہا کہ چین سفارتی سطح پر مسئلہ کشمیر اور دیگر امور پر پاکستان کی دنیا بھرمیں کھل کر حمایت کرتا آیا ہے۔
چینی سفیر سے ملاقات کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکا کے سیکرٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور خطے میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ کو وزیر خارجہ نے بھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی کے بعد پیدا ہونے والے حکومت پاکستان، پارلیمنٹ اور عوامی جذبات سے آگاہ کیا۔