سائنس و ٹیکنالوجی

متاثر کن فیچرز کا حامل بریسلٹ یا گھڑی جیسا منفرد فون

کمپنی کی جانب سے فی الحال اس ڈیوائس کے ڈسپلے کے سائز اور ریزولوشن کو ظاہر نہیں کیا گیا۔

کیا آپ ایسا اسمارٹ فون لینا پسند کریں گے جس کو جیب میں رکھنے کے بجائے کلائی میں کسی بریسلیٹ کی طرح لپیٹ لیں؟

اگر ہاں تو ایک کمپنی نوبیا کا ویئرایبل اسمارٹ فون آپ کو ضرور پسند آئے گا۔

اس کمپنی نے اپنے ویئرایبل اسمارٹ فون کا کانسیپٹ ڈیزائن گزشتہ سال برلن میں ایک ٹیکنالوجی نمائش کے دوران متعارف کرایا تھا مگر اب اسے پہلے سے بہتر بنایا گیا ہے۔

نوبیا الفا یا اے نامی یہ فون اب بھی ڈیزائن کے لحاظ سے مثالی نہیں مگر پھر بھی یہ پہلے کے مقابلے میں کافی بہتر ہوچکا ہے۔

کمپنی کی جانب سے فی الحال اس ڈیوائس کے ڈسپلے کے سائز اور ریزولوشن کو ظاہر نہیں کیا گیا اور نہ ہی دیگر تفصیلات کو بیان کیا گیا ہے۔

چین سے تعلق رکھنے والے کمپنی نے اس ویئرایبل کانسیپٹ فون کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں مگر یہ فولڈ ایبل فونز کے رجحان کے اگلے قدم کی نشاندہی کرتا ہے۔

نوبیا کا یہ کانسیپٹ فون او ایل ای ڈی ڈسپلے کے ساتھ ہے جو کہ کسی اسمارٹ واچ سے ملتا جلتا ہے مگر کمپنی کے مطابق یہ اسمارٹ فون ہے جسے آپ کلائی پر لپیٹ سکتے ہیں اور اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم سے لیس ہوگا۔

فوٹو بشکریہ ٹیک کرنچ

اس گھڑی نما فون میں ایک کیمرا بھی موجود ہے جبکہ ایسا نظر آتا ہے کہ یہ فنگرپرنٹ ریڈر سے بھی لیس ہے۔

اس کے دائیں جانب 2 ناب ہیں جو کسی قسم کے فیچرز کے لیے دیئے گئے ہیں۔

گزشتہ سال جب اس طرح کے کانسیپٹ فون کو متعارف کرایا گیا تھا تو کمپنی نے بتایا تھا کہ اس فون میں فور جی کنکٹیویٹی دی گئی ہے جس سے فون کالز کرنا اور موصول کرنا ممکن ہے، فٹنس کو ٹریک کیا جاسکتا ہے، تصاویر لی جاسکتی ہیں۔