لائف اسٹائل

ڈونلڈ ٹرمپ بدترین اداکار کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب

امریکی صدر نے ریزی ایوارڈ اپنے نام کرکے جونی ڈیپ، ول فریل اور بروس ولز جیسے اداکاروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

فلمی دنیا کے سب سے متعبر ایوارڈ کا اعزاز یوں تو آسکر کو حاصل ہے تاہم اسی ایوارڈ کے مقابلے میں امریکا کی ایک اور تنظیم ہر سال ایک منفرد ایوارڈ دیتی ہے۔

گولڈن ریسبیری ایوارڈ‘ جسے ’ریزی ایوارڈ‘ بھی کہا جاتا ہے وہ ہر سال آسکر ایوارڈز سے ایک دن قبل ہی اداکاروں کو دیا جاتا ہے۔

یہ ایوارڈ دراصل ان اداکاروں، ہدایت کاروں اور فلموں کو دیا جاتا ہے، جنہیں آسکر انتطامیہ نظر انداز کردیتی ہے۔

رواں برس ایوارڈ کی 39 ویں سالانہ تقریب 23 فروری کو منعقد کی گئی۔

اس ایوارڈ تقریب کی نامزدگیوں کا اعلان گزشتہ برس جنوری میں کیا گیا تھا، جس میں حیران کن طور پربدترین اداکار کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بدترین معاون اداکارہ کے لیے ان کی اہلیہ امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ کو نامزد کیا گیا تھا۔

خوش قسمتی سے ڈونلڈ ٹرمپ نے بدترین اداکاری میں بھی نہ صرف اپنی اہلیہ بلکہ دیگر منجھے ہوئے اداکاروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے اعلیٰ ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

انڈی وائر کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بدترین اداکار سمیت مجموعی طور پر 2 ایوارڈ ملے اور انہوں نے اپنی اہلیہ سمیت کئی اداکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

پہلے ہی خیال کیا جا رہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ بدترین اداکار کا ایوارڈ لے اڑیں گے—فوٹو: ڈبلیو میگزین

اگرچہ امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ کو بدترین اداکارہ نہیں بلکہ بدترین معاون اداکارہ کے لیے نامزد کیا گیا تھا، تاہم وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے میں بھی ناکام رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ اور میلانیا ٹرمپ بدترین اداکاری کے لیے نامزد

امریکی صدر نے بدترین ایوارڈ کا اعزاز اپنے نام کرکے ‘جونی ڈیپ، ول فریل، جوہن تروولٹا اور بروس ولز‘ جیسے اداکاروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کو دستاویزی فلم ’ڈیتھ آف نیشن‘ اور ’فارن ہائٹ 11/9‘ میں نظر آنے پر دیا گیا، وہ اس دستاویزی فلم میں خود نظر آئے تھے۔

ان دستاویزی فلموں میں سابق امریکی صدر ابراہم لنکن سے لے کر ڈونلڈ ٹرمپ تک کے صدور کو درپیش چیلنجز پر بحث کرنے سمیت ان کی پالیسیوں اور کارکردگی پر بات کی گئی تھی۔

’فارن ہائٹ 11/9ِ‘ میں نائن الیون حملوں کے بعد کے تناظر کے موضوعات پر بحث کی گئی تھی۔

’ڈیتھ آف نیشن‘ اور’فارن ہائٹ 11/9ِ‘ کو 2018 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

امریکی خاتون اول کو ’فارن ہائٹ 11/9ِ‘ میں نظر آنے پر بدترین معاون اداکارہ کے لیے نامزد کیا گیا، تاہم وہ ایوارڈ جیتنے میں ناکام رہیں۔

ریزی ایوارڈ جیتنے والوں کے نام

بدترین فلم

گوٹی

بدترین اداکار

ڈونلڈ ٹرمپ

ڈونلڈ ٹرمپ نے منجھے ہوئے اداکاروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا—فائل فوٹو: اے پی

بدترین اداکارہ

ملیسا مکیارتھی

ملیسا مکیارتھی بدترین اداکارہ کے لیے فیورٹ سمجھی جا رہی تھیں—فوٹو: ٹی ایل پی

بدترین معاون اداکار

جوہن سی ریلی

بدترین معاون اداکارہ

کائلن کنوے

سیاسی ماہر کائلن کنوے بدترین معاون اداکارہ ٹھہریں—فوٹو: دی اے وی کلب

بدترین اسکرین کامبو

ڈونلڈ ٹرمپ

مجموعی طور پر ریزی ایوارڈ میں ایک درجن کے قریب کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے گئے۔

میلانیا ٹرمپ ایوارڈ جیتنے میں ناکام رہیں—فوٹو: فائل فوٹو: اسٹیمٹ