نابالغ لڑکیوں کے ریپ کیس میں گلوکار آر کیلی کی ضمانت منظور
کم سے کم 50 خواتین اور کم عمر لڑکیوں کو ریپ اور جنسی تشدد کا نشانہ بنانے والے گلوکار 52 سالہ رابرٹ سلویسٹر کیلی (آر کیلی) پر امریکی عدالت نے 2 دن قبل ہی فرد جرم عائد کی تھی۔
عدالت نے گلوکار پر کم سے کم 4 خواتین اور نابالغ لڑکیوں کو ریپ اور جنسی تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی فرد جرم عائد کی تھی۔
عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد آر کیلی نے 23 فروری کو ہی خود پولیس تھانے پہنچ کر گرفتاری پیش کی تھی۔تاہم اب عدالت نے ان کی ضمانت منظور کردی۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ریاست الینوائے کی کک کاؤنٹی کی عدالت نے گلوکار کی ضمانت منظور کی۔
کک کاؤنٹی کے جج جوہن فٹزگیرالڈ نے گلوکار کی ضمانت 10 لاکھ امریکی ڈالر کے عوض منظور کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر ایک لاکھ ڈالر جمع کرانے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: آر کیلی پر خواتین اور نابالغ لڑکیوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام
عدالت نے حکم دیا کہ آر کیلی کو ایک لاکھ ڈالر نقد جمع کرانے کے بعد رہا کیا جائے، تاہم گلوکار کے وکیل نے ضمانت منظور ہونے کےبعد بتایا کہ لگتا نہیں کہ ان کے مؤکل ایک لاکھ ڈالر کا انتطام کر پائیں گے۔