انگرام کا وَن مین شو
لیکن اب اگر کراچی پی ایس ایل میں آگے بڑھنا چاہتا ہے تو اسے انفرادی کارکردگی پر نہیں بلکہ ٹیم پلے پر یقین رکھنا ہوگا۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 4 میں مختلف ٹیموں نے اب تک جو کارکردگی پیش کی تھی، اس کی بنیاد پر یہی کہا جا سکتا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کا مقابلہ دراصل ہاتھی اور چیونٹی کا ٹکراؤ ہے۔ کہاں تمام مقابلے جیتنے والا کوئٹہ اور کہاں پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے موجود کراچی؟
ابھی کل ہی تو ہم نے ناقابلِ شکست اور شکست ہی کے قابل کراچی کی بات کی تھی۔ پھر 186 رنز کھانے کے بعد صرف 4 رنز پر کراچی کی 2 وکٹیں بھی تو گرگئی تھیں لیکن اس وقت کولن انگرام نے کھیلی پی ایس ایل تاریخ کی سب سے شاندار اننگز۔ 12 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے صرف 59 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 127 رنز بنائے اور ایک کرارے چھکے کے ساتھ کراچی کو حیران کن کامیابی دلائی۔ ایک ایسی اننگز میں جہاں دوسرا کوئی بیٹسمین 20 رنز سے آگے نہیں بڑھ پایا، یہ جیت تنِ تنہا انگرام کی تھی۔