سائنس و ٹیکنالوجی

شیاؤمی کا پہلا 5 جی اسمارٹ فون سامنے آگیا

یہ فون 6.4 انچ کے او ایل ای ڈی ڈسپلے سے لیس ہے جبکہ فرنٹ اور بیک دونوں جگہ ڈوئل کیمرا سیٹ اپ دیا گیا ہے۔

چینی کمپنی شیاﺅمی نے اپنا پہلا 5 جی اسمارٹ فون می مکس تھری پیش کردیا ہے۔

ویسے تو شیاﺅمی نے می مکس 3 گزشتہ سال اکتوبر میں متعارف کرایا تھا مگر اب اس کا 5 جی ورژن بارسلونا میں جاری موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر متعارف کرایا گیا۔

یہ اس کمپنی کا ایک اور ایسا فون ہے جس میں بیزل لگ بھگ نہ ہونے کے برابر ہے اور نوچ کی بجائے سلائیڈر میں فرنٹ کیمروں کو چھپایا گیا ہے۔

اس کے بیشتر فیچرز بھی گزشتہ سال متعارف کرائے گئے فون جیسے ہی ہیں مگر کمپنی نے فائیو جی ماڈل میں طاقتور اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر اور کوالکوم کا ایکس 50 فائیو جی موڈیم استعمال کیا ہے۔

یہ فون 6.4 انچ کے او ایل ای ڈی ڈسپلے سے لیس ہے جس میں بیزل نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ فرنٹ اور بیک دونوں جگہ ڈوئل کیمرا سیٹ اپ دیا گیا ہے۔

بیک پر 12میگا پکسل وائیڈ اینگل اور 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا دیا گیا ہے اور فرنٹ پر 24 اور 2 میگا پکسل ڈوئل کیمرا سیٹ اپ ہے۔

کمپنی نے فنگرپرنٹ سنسر بھی بیک پر رکھا ہے تاکہ کیمرا سلائیڈ کرکے چہرے سے ان لاک کرنے کی زحمت نہ کرنی پڑے۔

کمپنی کے مطابق فائیو جی 2020 میں نہیں بلکہ 2019 میں آچکی ہے اور یہ 5 جی کا سال ہے جبکہ کمپنی رواں سال کی دوسری ششماہی کے دوران دنیا کی تیز ترین 5 جی سروسز متعارف کرائے گی۔

شیاﺅمی کا پہلا 5 جی فون رواں سال مئی میں 679 ڈالرز (94 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا۔

دوسری جانب ایونٹ کے دوران کمپنی نے اپنے نئے فلیگ شپ فون می 9 کو چین سے باہر دیگر ممالک کے لیے بھی متعارف کرادیا ہے۔

گزشتہ ہفتے متعارف کرائے جانے والا یہ فون اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر، 3 بیک کیمروں جن میں سے ایک 48 میگا پکسل، دوسرا 16 میگا پکسل جبکہ تیسرا 12 میگا پکسل کیمرا ہے۔

کمپنی کے مطابق 6 جی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا فون 510 ڈالرز (71 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا فون 565 ڈالرز (لگ بھگ 79 ہزار پاکستانی روپے) میں فروخت کیا جائے گا۔