سائنس و ٹیکنالوجی

نوکیا کے مزید سستے فیچر اور اسمارٹ فونز متعارف

نوکیا 9 کے ساتھ اس کمپنی نے چند سستے اسمارٹ اور فیچرز فون بھی موبائل ورلڈ کانگریس میں پیش کیے۔

نوکیا نے اپنا پہلا 5 بیک کیمروں والا فون نوکیا 9 پیور ویو موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر متعارف کرایا، مگر یہ اس کمپنی کی واحد ڈیوائس نہیں تھی بلکہ چند سستے اسمارٹ اور فیچر فونز بھی متعارف کرائے گئے۔

ان فونز میں ایک تو فیچر فون نوکیا 210 ہے جو اس کمپنی کے ماضی کے فونز سے ملتا جلتا ہے جبکہ مڈرینج نوکیا 1 پلس، نوکیا 3.2 اور نوکیا 4.2 بھی پیش کیے گئے۔

فیچر فون

فوٹو بشکریہ ایچ ایم ڈی گلوبل

فزیکل نمبر کیز، پلاسٹک بیک باڈی اور محدود سافٹ وئیر کے ساتھ نوکیا 210 اس کمپنی کا ہارڈوئیر کے لحاظ سے عمدہ ترین فون تو نہیں۔

مگر اس کا کلاسیک ڈیزائن ایسے افراد کے لیے ضرور بہترین ہے جو سادہ اور عام استعمال کے لیے فون خریدنا چاہتے ہوں اور وہ بھی بہت سستا۔

ویسے نوکیا 210 میں ویب براﺅزنگ اور فیس بک پر پوسٹ کرنا بھی ممکن ہے جبکہ نوکیا نے اپنی کلاسیک اسنیک گیم کو بھی اس کا حصہ بنایا ہے۔

ڈوئل سم، فلیش لائٹ، 2.4 انچ کا ٹی ایف ٹی کلر ڈسپلے، 16 ایم بی اسٹوریج، 0.3 میگا پکسل کیمرا اور 1020 ایم اے ایچ بیٹری۔

کمپنی کے مطابق ایک چارج پر یہ بیٹری آسانی سے ایک ہفتے سے 10 دن تک کام کرسکتی ہے۔

اس کی قیمت 35 ڈالرز (ساڑھے 4 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

نوکیا 4.2

فوٹو بشکریہ ایچ ایم ڈی گلوبل

یہ کمپنی کی فور سیریز کا پہلا فون ہے جسے کمپنی نے سستا ترین فلیگ شپ فون بھی قرار دیا ہے۔

اس فون میں ڈوئل گلاس پلاسٹک فریم دیا گیا ہے جو کہ دیکھنے میں اسے فلیگ شپ انداز دیتا ہے، جبکہ واٹر ڈراپ نوچ دیا گیا ہے۔

اسنیپ ڈراگون 439 پراسیسر، 2 سے 3 جی بی ریم، 16 سے 32 جی بی اسٹوریج، جس میں ایس ڈی کارڈ سے اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اس فون کے بیک پر 13 میگا پکسل اور 2 میگا پکسل پر مشتمل ڈوئل کیمرا سیٹ اپ دیا گیا ہے جبکہ ایک ایل ای ڈی فلیش ہے۔

فون کے مین کیمرا نائٹ موڈ سپورٹ کرتا ہے اور کم روشنی میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے، سیلفی کے لیے 8 میگاپکسل کیمرا ہے جبکہ فنگرپرنٹ اسکینر بیک پر موجود ہے۔

سیلفی کیمرا چہرہ شناخت کرکے بھی فون کو ان لاک کرنے میں مدد دیتا ہے جبکہ گوگل اسسٹنٹ بٹن بھی دیا گیا ہے۔

یہ فون بلیک اور پنک سینڈ رنگوں میں اپریل میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس کے 16 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 169 ڈالرز (23 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 32 جی بی والا ورژن 199 ڈالرز (ساڑھے 27 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

نوکیا 3.2

فوٹو بشکریہ ایچ ایم ڈی گلوبل

یہ گزشتہ سال کے نوکیا 3.1 کا اپ ڈیٹ ورژن ہے جس میں پہلے سے زیادہ بڑی اسکرین ، کم بیزل، بڑی بیٹری، نیا پراسیسر اور اینڈرائیڈ کا نیا ورژن دیا گیا ہے۔

اس فون میں 6.26 ٹی ایف ٹی ڈسپلے دیا گیا ہے جو کہ واٹر ڈراپ نوچ سے لیس ہے جس میں سیلفی کیمرا بھی موجود ہے۔

اس میں اسنیپ ڈراگون 429 پراسیسر، 2 سے 3 جی بی ریم، 16 سے 32 جی بی اسٹوریج، جس میں ایس ڈی کارڈ سے اضافہ ممکن ہے۔

اس کے بیک پر 13 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے جبکہ نائٹ موڈ موجود نہیں، فرنٹ پر 5 میگا پکسل کیمرا فیس ان لاک کا بھی کام کرتا ہے۔

اس فون کی ایک خاص بات اس کی 4000 ایم اے ایچ بیٹری بھی ہے جبکہ اینڈرائیڈ ون پروگرام کا حصہ ہونے کی وجہ سے اس میں اسٹاک اینڈرائیڈ پائی آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے۔

یہ فون بھی اپریل میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس کے 16 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 139 ڈالرز (19 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 32 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 169 ڈالرز (23 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

نوکیا ون پلس

فوٹو بشکریہ ایچ ایم ڈی گلوبل

یہ گزشتہ سال کے نوکیا 1 کا زیادہ بڑا ورژن ہے مگر یہ بھی اینڈرائیڈ گو ایڈیشن کا حصہ ہے جس میں بجٹ فون موجود ہیں۔

اس میں 5.45 انچ اسکرین، 2500 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے۔

کواڈ کور کورٹیکس اے 53 پراسیسر، ایک جی بی ریم اور 8 جی بی اسٹوریج ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اینڈرائیڈ پائی آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ اس فون کے بیک پر آٹو فوکس اور ایل ای ڈی فلیش سے لیس 8 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے جبکہ 5 میگا پکسل سیلفی کیمرا بیوٹی موڈ کے ساتھ ہے۔

یہ فون 89 ڈالرز (12 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔