سانحہ ماڈل ٹاؤن:نئی جے آئی ٹی نے شہباز شریف، چوہدری نثار کو طلب کرلیا
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے تشکیل دی گئی نئی مشترکہ تحقیقات ٹیم (جے آئی ٹی) نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار اور سابق وزیردفاع خواجہ آصف سمیت متعدد مرکزی رہنماؤں کے علاوہ اعلیٰ پولیس حکام کی طلبی کا نوٹی فیکشن جاری کر دیا۔
ڈان کو موصول نوٹی فیکشن کی نقول کے مطابق جے آئی ٹی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز، سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی اور دیگر کو بیانات قلم بند کرانے کے لیے 25 فروری کو 10 بج کر 30 منٹ پر طلب کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ ماڈل ٹاؤن: اے ڈی خواجہ کی سربراہی میں نئی 'جے آئی ٹی' تشکیل
جے آئی ٹی کی جانب سے جاری دوسرے نوٹی فیکشن کے مطابق ایس پی مجاہد فورسز لاہور کے عبدالرحیم شیرازی، ایس پی آپریشنز ماڈل ٹاؤن طارق عزیز، ایس پی انویسٹی گیشن محمد ندیم سمیت دیگر کو اپنے بیانات قلم بند کرنے کے لیے 26 فروری کو 10 بج کر 30 منٹ پر طلب کیا گیا ہے۔