بھارتی فضائیہ کا ایئر شو: پارکنگ میں کھڑی 300 گاڑیاں خاکستر
بھارت کے شہر بنگالورو میں ’ایئر انڈیا شو‘ کے دوران آگ بھڑکنے سے پارکنگ میں کھڑی شائقین کی 300 گاڑیاں خاکستر ہو گئیں۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بنگالورو میں یِلہانکا ایئربیس میں فضائی شو جاری تھا کہ اس دوران پارکنگ میں موجود شائقین کی ہزاروں گاڑیوں میں سے 300 گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آگئیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی فضائیہ کے 2 طیارے تباہ
بھارتی میڈیا کے مطابق آگ بھڑکنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم تقریباً 10 فائر بریگیڈ گاڑیوں نے آگ کو بجھانے کی کوشش کی۔
مذکورہ آگ کے نتیجے میں کسی طیارے کو نقصان نہیں پہنچا۔
ڈی جی پی فائر ایم این ریڈی نے اپنی پہلی ٹوئٹ میں کہا کہ ’آگ بھڑکنے سے 100 سے زائد کاریں جل گئیں، آگ پر قابو میں پانے کے لیے دیگر کاروں کو نذرآتش کاروں سے علیحدہ کیا گیا۔'
ان کا کہنا تھا کہ ’واقعے میں تاحال جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی‘۔
مزید پڑھیں: بھارت کا جنگی طیارہ گرکر تباہ، پائلٹ ہلاک