کھیل

پی ایس ایل: آن لائن شاپنگ ویب سائٹ ملتان سلطانز کی برانڈ اسپانسر

ڈیجیٹل مارکیٹ پلیس پارٹنرشپ پر خوشی ہے، جنوبی پنجاب میں ڈیجیٹل انقلاب لائیں گے، ڈائریکٹر ملتان سلطانز علی ترین

پاکستان کی معروف آن لائن شاپنگ ویب سائٹ او ایل ایکس (OLX) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کی برانڈ اسپانسر بن گئی۔

مذکورہ آن لائن شاپنگ ویب سائٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ادارے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) بلال باجوہ اور ملتان سلطانز کے ڈائریکٹر علی ترین نے دونوں اداروں کے درمیان معاہدے کی مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کیے۔

آن لائن ویب سائٹ کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز فرنچائز اس علاقے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کر رہی، تاہم ویب سائٹ کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا فائدہ ملتان سلطانز اور علاقے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بھی ہوگا۔

ویب سائٹ کے سی ای او بلال باوجوہ کا کہنا تھا کہ وہ اس معاہدے سے بہت خوش ہیں کیونکہ اس طرح پاکستان میں ٹیکنالوجی میں ہونے والی پیش رفت سے ان کے ارادوں کو تقویت پہنچے گی اور جنوبی پنجاب میں سماجی اور کھیلوں سے متعلق ملتان سلطانز کے ارادوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے نزدیک ملتان سلطانز ایک فرنچائز نہیں بلکہ ایک ایسا ذریعہ ہے جو جنوبی پنجاب کو ترقی کے قابل بناتا ہے۔

دوسری جانب ملتان سلطانز کے ڈائریکٹر علی ترین کا کہنا ہے کہ انہیں آن لائن شاپنگ ویب سائٹ کے ساتھ ڈیجیٹل مارکیٹ پلیس پارٹنر کی حیثیت سے شراکت پر خوشی ہے، جس سے دونوں ادارے مل کر جنوبی پنجاب میں ڈیجیٹل انقلاب لائیں گے۔

علی ترین نے یہ بھی کہا کہ ’ملتان سلطانز اس سال پاکستان سپر لیگ کی انتہائی منافع بخش فرنچائز ہے جو شعیب ملک اور شاہد آفریدی جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی میں ایونٹ کی فیوریٹ ٹیم بن گئی ہے۔‘