تھا جس کا انتظار وہ شاہکار دن آ ہی گیا
جمعے کے روز، پاکستان سپر لیگ 4 کے پہلے فل ہاؤس میں ہمیں 2 ایسے میچز دیکھنا نصیب ہوئے جنہیں بھی مدتوں یاد رکھا جائے گا۔
شارجہ وہ میدان ہے جس نے کئی یادگار مقابلے دنیائے کرکٹ کو دیے ہیں، جن میں صرف ایک مقابلہ اور ایک چھکا ہی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جانے کے قابل ہے۔ لیکن جمعے کے روز، چھٹی کے دن، پاکستان سپر لیگ سیزن 4 کے پہلے فل ہاؤس میں ہمیں 2 ایسے میچز دیکھنا نصیب ہوئے جنہیں بھی مدتوں یاد رکھا جائے گا۔
پہلے لاہور قلندرز نے آخری گیند پر چھکے کے ذریعے ملتان سلطانز کو ناقابلِ یقین شکست دی اور پھر اسلام آباد یونائیٹڈ محمد سمیع کی ہیٹ ٹرک کے ذریعے 'زوردار' پشاور زلمی پر قابو پانے میں کامیاب ہوگیا۔ یہی وہ مقابلے تھے کہ جن کا ہمیں شدت سے انتظار تھا اور دونوں ہی میں کپتانوں کا کردار نمایاں رہا۔ لاہور نے اے بی ڈی ویلیئرز کی نصف سنچری کی مدد سے جبکہ اسلام آباد نے محمد سمیع کی بدولت کامیابی حاصل کی اور دونوں مردِ میدان قرار پائے۔