سنی لیونی کا نام سرکاری ملازمت کے امیدواروں کی فہرست میں آنے پر تنازع
کینڈین نژاد بھارتی اداکارہ سنی لیونی یوں تو ہمیشہ ہی خبروں میں رہتی ہیں، تاہم اس بار وہ اپنی اداکاری کی وجہ سے نہیں بلکہ ایک اور دلچسپ وجہ سے خبروں میں ہے۔
ہوا کچھ یوں کہ سنی لیونی کا نام بھارتی ریاست بہار کے محکمہ صحت کے سرکاری ملازمت کے امیدواروں کی فہرست میں سب سے پہلے نمبر پر آیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہوگیا۔
ریاست بہار کے محکمہ صحت نے حال ہی میں 200 جونیئر انجنیئرز کی ملازمتوں کا اعلان کیا تھا، جس کے لیے ملک بھر سے 18 ہزار امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں۔
محکمہ صحت کی جانب سے کوٹا سسٹم کے تحت نوکریوں کا اعلان کیا گیا تھا اور ہر امیدوار کو درخواست دیتے وقت کوٹا لکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
ملازمت کے حصول کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کی ایک فہرست بھارتی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اس فہرست کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کی وجہ سے اداکارہ سنی لیونی کا نام تھا جو فہرست میں پہلے نمبر پر تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے فہرست میں پہلے نمبر پر سنی لیونی کا نام پڑھا جاسکتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فہرست میں درج سنی لیونی کے والد کا نام لیونی لیونا ہے جب کہ انہوں نے اپنی پیدائش کی تاریخ 13 مئی 1991 درج کی۔