کراچی کنگز کی تمام کمزوریاں کھل کر سامنے آگئیں
اگر یہ کہا جائے تو ہرگز غلط نہیں ہوگا کہ پشاور زلمی نے جہاں اہم مقابلے میں کراچی کنگز کو 44 رنز سے شکست دی وہیں اس کی قلعی بھی کھول کر رکھ دی ہے، کیونکہ پوری طرح گرفت حاصل کرنے کے بعد کراچی نے مقابلے کو آسانی سے ہاتھوں سے نکلنے دیا۔ لیکن اصل مسئلہ محض یہ ایک شکست نہیں بلکہ یہ ہے کہ کراچی کنگز کی تمام کمزوریاں اب کھل کر سامنے آ گئی ہیں۔
سب سے پہلی کمزوری جو جمعرات کی شب سب نے دیکھ لی وہ کراچی کی کمزور بیٹنگ لائن اپ تھی۔ اس وقت ٹیم میں بابر اعظم کے سوا کوئی ایسا بلے باز نظر نہیں آتا جو قابلِ بھروسہ ہونے کے ساتھ ساتھ اِن فارم بھی ہو۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے تو ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ اس لیے کیا تھا کیونکہ ان کے خیال میں بیٹنگ میں اتنا دم خم ہے کہ وہ کوئی بھی ہدف حاصل کرسکتی ہے۔
لیکن پہلے میچ میں 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد لیام لوینگسٹن کا بلّا خاموش ہوچکا ہے جو اس مقابلے میں تو صفر پر ہی آؤٹ ہوگئے۔ نہ پہلی بار آزمائے گئے بین ڈنک چلے حالانکہ وہ ابھی بگ بیش لیگ کے فائنل میں نصف سنچری بنا کر آئے تھے۔ کولن انگرام کی سیزن میں تیسری اننگز بھی مایوس کن رہی لیکن کراچی کو اصل دھچکا پہنچا بابر اعظم کے رن آؤٹ سے۔ یہی وہ مرحلہ تھا جب کنگز کے ہاتھ پیر پھولنا شروع ہوگئے کیونکہ انہیں اندازہ ہوگیا تھا کہ وہ ہدف کے تعاقب میں اپنے سب سے اہم کھلاڑی سے محروم ہوچکے ہیں۔