پاکستان

پاکستان کے حج کوٹے میں اضافہ، ای ویزا ممالک میں شامل

سعودی حکومت نے پاکستان کے لیے حج کوٹے میں اضافہ کرکے 2 لاکھ کردیا ہے جس پر پوری قوم ان کی مشکور ہے، شاہ محمود قریشی

سعودی عرب کی حکومت نے پاکستان کے لیے حج کوٹے میں اضافہ کر کے 2 لاکھ کردیا اور سعودی وزارت حج نے پاکستان کو ای ویزا میں بھی شامل کرلیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت نے پاکستانی حاجیوں کے کوٹے میں اضافہ کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر سے ٹیلی فون پربات چیت ہوئی اور سعودی حکومت نے پاکستان کے لیے حج کوٹہ بڑھا کر 2 لاکھ کردیا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ خادمین حرمین شریفین نے پاکستان کو ایک اور تحفہ دیا ہے اور پوری قوم کو اس خوش خبری پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہناتھا کہ پوری قوم اور حکومتِ پاکستان اس فیصلے پر سعودی ولی عہد اور سعودی حکومت کی مشکور ہے۔

مزید پڑھیں:وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2019 جاری کردی

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کاکہنا تھا کہ ویزا فیس میں کمی اور سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے بعد حج کوٹا میں اضافہ پاکستان کی اہم کامیابیاں ہیں۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق روڑ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت پاکستان کو ای ویزا کی سہولت والے ممالک میں شامل کرلیا گیا جس سے پاکستانی عازمین حج کو امیگریشن کے عمل میں بڑی سہولت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی وزارت حج نے پاکستانی وزارت مذہبی امور کو خط لکھ دیا ہے جس کے مطابق عازمین حج کے پاسپورٹ اب سعودی سفارت خانے کو بھجوانے کی شرط ختم کردی گئی ہے۔

پاکستانی عازمین کا حج ویز اب وزارت مذہبی امور ان کے گھروں میں پہنچائے گی اور عازمین حج اپنے ویزے کے حوالے سے تازہ ترین صورت حال بھی آن لائن معلوم کرسکیں گے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان میں ای ویزا کے تحت کراچی کے عازمین حج کی ایمیگریشن کراچی میں ہی ہو جائے گی اس کے علاوہ لاہور اور اسلام آباد میں بھی ایمیگریشن کی سہولت کی کوشش کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ریاست مدینہ کا مطلب یہ نہیں کہ لوگوں کو مفت حج کرایا جائے، وزیر مذہبی امور

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 11 فروری کو حج پالیسی جاری کردی تھی جس کے مطابق رواں برس سعودی حکومت نے 5 ہزار اضافی عازمین کی اجازت دی تھی اور یہ تعداد ایک لاکھ 84 ہزار 210 بنتی تھی تاہم اب سعودی حکومت کی جانب سے مزید 15 ہزار عازمین کی اجازت کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 2 لاکھ ہوگئی ہے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری دستاویزات میں کہا گیا تھا کہ سعودی حکومت نے 5 ہزار افراد کا اضافی کوٹہ دیا ہے، اس لیے رواں برس ایک لاکھ 79 ہزار 210 کے بجائے ایک لاکھ 84 ہزار 210 عازمین حج کرنے جائیں گے۔

پالیسی میں مفت حج کا کسی کو موقع نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ شمالی ریجن کے لیے 4 لاکھ 36 ہزار 975 روپے کا پیکج ہوگا جس میں اسلام آباد، پشاور، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور رحیم یار خان شامل ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج کوٹہ کے لیے جنوبی ریجن میں کوئٹہ، کراچی اور سکھر شامل ہیں جس کے لیے 4 لاکھ 26 ہزار 975 روپے کا پیکج ہوگا۔

نئی حج پالیسی کے تحت 15 ستمبر 2017 کے بعد پیدا ہونے والے بچوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جس کے تحت شمالی حج پیکج میں بچوں کا 12 ہزار 910 روپے اور جنوبی حج پیکج میں 11 ہزار 910 روپے ہوگا۔