کارل لاگر فیلڈ عورتوں سے نفرت کرتے تھے، پاکستانی نژاد اداکارہ
پاکستانی نژاد برطانوی اداکارہ، لکھاری و ریڈیو ہوسٹ جمیلہ عالیہ جمیل نے فیشن کی دنیا کے بادشاہ کے طور پہچانے جانے والے فیشن ڈیزائنر کارل لاگر فیلڈ کو خواتین سے نفرت کرنے والا شخص قرار دے دیا۔
32 سالہ اداکارہ و لکھاری نے فیشن ڈیزائنر کی شخصیت کے حوالے سے اہم بیان ان کے انتقال کے ایک دن بعد دیا ہے۔
جرمن نژاد فرانسیسی فیشن ڈیزائنر کارل فیلڈ لاگر 19 فروری کو 85 سال کی عمر میں پیرس میں انتقال کر گئے تھے۔
کارل لاگر فیلڈ گزشتہ کچھ عرصے سے بیمار تھے اور پچھلے چند ماہ میں ہونے والے دنیا کے بڑے فیشن میلوں میں ان کی کمی محسوس کی گئی۔
صحت کی خرابی کی وجہ سے وہ میلان، پیرس، نیویارک اور لندن فیشن ویک میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔
کارل لاگر فیلڈ نے 1983 میں معروف اٹالین فیشن ہاؤس ’چینل‘ کے ساتھ کام کا آغاز کیا اور وہ مرتے دم تک اس سے منسلک رہے۔
کارل لاگر فیلڈ ’چینل‘ کے کریئیٹو ڈائریکٹر تھے اور انہوں نے اس فیشن کے ’آؤٹ کوٹور‘ (Haute Couture) سمیت دیگر برانڈز تیار کیے۔