پیدائش اور ولدیت کے حوالے سے متنازع رہنے والا فیشن ڈیزائنر چل بسا
کارل لاگر فیلڈ کو اپنے منفرد اسٹائل کی وجہ سے شہرت حاصل تھی، انہوں نے متعدد معروف برانڈز متعارف کرائے۔
فیشن کی دنیا میں نت نئے ملبوسات متعارف کرانے اور اپنے منفرد اسٹائل کی وجہ سے شہرت رکھنے والے جرمنی کے فیشن ڈیزائنر کارل لاگر فیلڈ 85 سال کی عمر میں چل بسے۔
کارل لاگر فیلڈ گزشتہ کچھ عرصے سے بیمار تھے اور پچھلے چند ماہ میں ہونے والے دنیا کے بڑے فیشن میلوں میں ان کی کمی محسوس کی گئی۔
صحت کی خرابی کی وجہ سے وہ میلان، پیرس، نیویارک اور لندن فیشن ویک میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔
کارل لاگر کا تعلق جرمنی سے تھا اور انہوں نے انتہائی کم عمری میں اپنے آبائی ملک کے بجائے پڑوسی ملک فرانس سے کییریئر کا آغاز کیا۔
کارل لاگر فیلڈ 20 سال سے پہلے ہی پیرس منتقل ہوگئے تھے، جہاں انہوں نے 1950 کے بعد فیشن ڈیزائنر کے طور پر کام کا آغاز کیا اور جلد ہی اس شعبے میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔