’پی ایس ایل سے اس مرتبہ 3 یا 4 کھلاڑی قومی ٹیم میں جگہ بناسکتے ہیں‘
پاکستان کرکٹ کی ایک معروف شخصیت اور سابق کرکٹر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ رواں برس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے 3 یا 4 کھلاڑی قومی ٹیم میں جگہ بناسکتے ہیں۔
پی ایس ایل ویب سائٹ پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق بوم بوم شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن جاری ہے اور بلاشبہ یہ پاکستان کا سب سے بڑا برانڈ ہونے کے ساتھ ساتھ دنیا کی بہترین کرکٹ مقابلوں میں سے ایک ہے۔
شاہد آفریدی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل اب ہماری پہچان بھی بن چکی ہے، یہ ہمارا برانڈ ہے اور اسے ہمیں کامیاب بنانا ہے۔
انہوں نے باور کروایا کہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ ٹیم میں اس وقت جو بھی باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں ان کے کھیل میں پی ایس ایل کی وجہ سے ہی نکھار پیدا ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق لینے والی بھارتی کمپنی کا لیگ نشر کرنے سے انکار
ریکارڈ ساز آل راؤنڈر نے کہا کہ دنیا میں ہونے والی کرکٹ لیگز کا مقصد اپنے ملک کا ٹیلنٹ سامنے لانا اور ان کے کھیل میں نکھار پیدا کرنا ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ’میں یہ کہنا چاہوں گا کہ پی ایس ایل اب تک کامیاب رہی ہے کیونکہ اس کی وجہ سے پاکستان کا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے۔‘
علاوہ ازیں شاہد آفریدی نے شائقین پر زور دیا کہ وہ بڑی تعداد میں میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم کا رخ کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میچ دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شائقین کو اسٹیڈیم تک لانے کے لیے منصوبہ بندی کرے۔
شاہد آفریدی نے شائقین کو مخاطب کیے بغیر کہا کہ ’یہ ہماری لیگ ہے اور ہمیں اسٹیڈیم آکر اسے کامیاب بنانا چاہیے۔