دنیا

بھارتی فضائیہ کے 2 طیارے تباہ

واقعہ بنگلور میں یِلہانکا ایئربیس پر پیش آیا، دور تک کالے دھوئیں کے بادل چھاگئے، ایک پائلٹ ہلاک، 3 شدید زخمی ہوگئے۔

بنگلور: بھارت میں فضائی کرتب کے لیے ہونے والے ایئر شو کے آغاز سے قبل ہی بھارتی فضائیہ کی سُریاکرن ایروبیٹک ٹیم کے 2 جیٹ طیارے آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق حادثہ ’ایئرو انڈیا شو 2019‘ نامی ایئر شو کے لیے کی جانے والی ریہرسل کے دوران پیش آیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق دونوں طیاروں کو بنگلور میں یِلہانکا ایئربیس پر حادثہ پیش آیا جس کے بعد گہرا سیاہ دھواں فضا میں اٹھتا ہوا دیکھا گیا۔

حادثے میں ایک پائلٹ ہلاک جبکہ تین شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کا جنگی طیارہ گرکر تباہ، پائلٹ ہلاک

واضح رہے کہ بھارت کے شہر بنگلور میں ایرو انڈیا 2019 نامی فضائی کرتب کا مظاہرہ 20 سے 24 فروری تک کیا جائے گا جس میں نہ صرف جیٹ طیارے بلکہ ہیلی کاپٹر بھی حصہ لیں گے۔

مذکورہ ایئر شو کا آغاز 1996 میں کیا گیا تھا اور آخری شو فروری 2017 میں منعقد ہوا تھا، ایئر شو کا آغاز فلائی پاسٹ سے کیا جاتا ہے جس میں غیر ملکی سفرا اور اہم تاجر و کاروباری حضرات شرکت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 28 جنوری کو بھی بھارتی فضائیہ کا ایک جنگی طیارہ اتر پردیش میں گر کر تباہ ہوا تھا اور اس واقعہ میں بھی پائلٹ محفوظ رہا تھا۔

مزید پڑھیں: ہندوستان: 5 سال میں 20 جنگی طیارے تباہ

اس سے قبل 27 جون 2018 کو ایک طیارہ آزمائشی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا تھا اور طیارے میں موجود دونوں پائلٹس محفوظ رہے۔

اسی طرح 5 جون 2018 کو بھی انڈین ایئر فورس ایک کا جنگی طیارہ ریاست گجرات میں ضلع موندرا میں گر کر تباہ جبکہ واقعے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا تھا۔