پاکستان

واہ کینٹ: 8 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والا استاد گرفتار

ملزم اس سے قبل بھی محلہ کی دیگر بچیوں کے ساتھ نازیبا حرکات کر چکا ہے، علاقہ مکینوں کا دعویٰ

واہ کینٹ کے نواحی قصبہ لوسر شرفو میں 8 سالہ طالبہ کے ساتھ زیادتی کی کوشش کرنے والے قاری کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا۔

صدر واہ پولیس کو متاثرہ بچی کے والد نے رپورٹ درج کروائی کہ ان کی 8 سالہ بیٹی گھر کے پاس ہی ایک خاتون کے پاس قرآن کی تعلیم حاصل کرتی ہے۔

16 فروری کو نماز فجر کے بعد بیٹی قرآن مجید پڑھنے گئی تو کچھ ہی دیر بعد بھاگتے ہوئی گھر واپس آگئی اور رونے لگی اور وجہ پوچھنے پر اس کے چہرے پر خوف طاری ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جہلم میں 8 سالہ بچی کا ریپ کرنے والا ملزم گرفتار

والد نے ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا کہ تھوڑی دیر بعد بیٹی نے بتایا کہ خاتون کے بھائی نے اسے اپنی جنسی ہوس کا نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن چیخ و پکار کرنے کے بعد ملزم نے چھوڑ دیا اور دھمکی دی کہ اگر کسی کو بتایا تو جان سے مار دوں گا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ جب وہ ملزم کے گھر گئے تو وہاں پر کئی خواتین اکٹھی ہو چکی تھیں جنہوں نے بتایا کہ عزت کی خاطر ہم نے خاموشی اختیار کی ہوئی تھی، ملزم اس سے قبل بھی محلہ کی دیگر بچیوں کے ساتھ نازیبا حرکات کر چکا ہے۔

ایس ایچ او تھانہ صدر واہ راجہ اعزاز عظیم نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کے خلاف 2016 میں بھی زیادتی کا مقدمہ درج ہو چکا ہے اور جیل رہنے کے باوجود وہ باز نہیں آیا اور اب دوبارہ معصوم بچیوں کو جنسی ہوس کا نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔

مزید پڑھیں: نوشہرہ میں 9 سالہ بچی ریپ کے بعد قتل

ان کا کہنا ہے کہ بچی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی گئی جس پر ملزم کے خلاف دفعہ 376 اور 511 کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

راجہ اعزاز عظیم نے کہا ملزم کو منگل کے روز جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت پیش کیا جائے گا۔