دنیا

اسرائیلی وزیراعظم کے متنازع ریمارکس پر پولش ہم منصب نے دورہ منسوخ کردیا

نیتن یاہو نے کہا تھا کہ پولینڈ نے عالمی جنگ دوم میں ہولوکاسٹ میں جرمن نازیوں کا ساتھ دیا تھا۔

وارساؤ: اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے پولز اور ہولوکاسٹ کے حوالے سے ریمارکس پر پولش وزیر اعظم ماتیوز موراویکی نے اعلیٰ سطح کے سیمینار کے لیے طے شدہ اسرائیل کا دورہ منسوخ کردیا۔

اسرائیلی اخبار ’ہیرٹز‘ کے مطابق نتن یاہو کا کہنا تھا کہ پولز نے عالمی جنگ دوئم میں نازیوں کا ساتھ دیا تھا.

ان کے اس بیان پر پولینڈ میں سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔

واضح رہے کہ جرمن نازی نے پولینڈ پر قبضہ کیا تھا تاہم پولینڈ کے دارالحکومت وارساؤ کا ماننا ہے کہ پولینڈ کے عوام نے ہولو کاسٹ میں جرمن نازیوں کا ساتھ نہیں دیا تھا تاہم انفرادی سطح پر کسی نے شاید ساتھ دیا ہو۔

مزید پڑھیں: پولینڈ: چھری کے وار سے زخمی میئر دم توڑ گیا

اس حوالے سے اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ نتن یاہو نے ہولوکاسٹ میں تمام پولینڈ کے عوام پر یہ الزام نہیں لگایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیرٹز نے نیتن یاہو کا بیان غلط انداز میں پیش کیا جبکہ دیگر اخباروں میں مختلف باتیں کی گئیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ’ اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے بیان میں پولز کا لفظ استعمال کیا تھا اور پولش عوام اور پولینڈ کو نہیں کہا تھا‘۔

پولش وزیر اعظم موراویکی کی جانب سے یروشلم میں وسطی یورپی ممالک کی سفارتی اجلاس، وائس گارڈ گروپ سمٹ میں اب شرکت نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی ایران کو میزائل حملے کی دھمکی

پولش حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم موراویکی نے اپنے اسرائیلی ہم منصب کو ٹیلی فون کرکے بتایا کہ پولینڈ کی جانب سے سیمینار میں وزیر خارجہ شرکت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی جنگ دوم میں پولینڈ کی جانب سے دی گئی قربانیوں کے حوالے سے حقیقی تاریخ کا بیان کیا جانا پولینڈ کا بنیادی حق ہے‘۔

خیال رہے کہ عالمی جنگ دوم میں پولینڈ نازی جرمن کے قبضے میں تھا جہاں 30 لاکھ یہودیوں سمیت 60 لاکھ شہری ہلاک ہوئے تھے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 18 فروری 2019 کو شائع ہوئی