حفیظ پاکستان سپر لیگ سے باہر، ورلڈ کپ میں بھی شرکت مشکوک
لاہور قلندرز کے کپتان کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے، کئی ہفتوں تک نہیں کھیل سکیں گے۔
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ ہاتھ کی انجری کے سبب ممکنہ طور پر بقیہ پی ایس ایل میں شرکت نہیں کر سکیں گے جبکہ ان کی ورلڈ کپ میں بھی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا۔
ہفتے کو کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران محمد حفیظ کی گیند پر کولن انگرام نے انہی کی جانب تیز شاٹ کھیلا اور کیچ پکڑنے کی ناکام کوشش میں وہ انگلی زخمی کرا بیٹھے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق لینے والی بھارتی کمپنی کا لیگ نشر کرنے سے انکار
حفیظ کو فوری طور پر میدان سے باہر لے جا کر معائنہ کیا گیا اور قلندرز کی میچ میں 22رنز سے فتح کے بعد انہیں فوری طور پر ایکسرے اور اسکین کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔