'پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے'
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کے حوالے سے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کے دورے کا اصل مقصد دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ معاشی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے۔
ریڈیو پاکستان نے سعودی اخبار میں شائع رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے مطابق دورے کے دوران محمد بن سلمان پاکستان میں آئل ریفائنری کے قیام میں سرمایہ کاری کے لیے ایک یادداشت پر دستخط کریں گے، جو پاکستان کی تاریخ میں سعودی عرب کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہوگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک فلسطین اور کشمیر کے تنازعات پر بین الاقوامی برادری کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ساتھ مل کر کام کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد کے استقبال کی تیاریاں مکمل
ان کا کہنا تھا کہ دونوں اسلامی برادر ممالک افغانستان میں امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، اس کے علاوہ دونوں ممالک اسلامی تعاون کی تنظیم کے پلیٹ فارم کے ذریعے مسلم اُمہ کو مضبوط کرسکتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہر طرح سے ہمارے دلوں کے قریب ہے اور پاکستان کسی کو بھی سعودی عرب پر حملے کی اجازت نہیں دے گا۔