غیر متوقع نتائج کا دن، لاہور جیت گیا!
پاکستان سپر لیگ کے ہر سیزن میں ایک دن ایسا ضرور ہوتا ہے جس میں غیر متوقع نتائج آتے ہیں۔ ہفتے کو کچھ ایسا ہی ہوا، پہلے شاہد آفریدی کی آل راؤنڈر کارکردگی کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور پھر روایتی حریف لاہور و کراچی کے مقابلے میں قلندرز نے زبردست کامیابی حاصل کی۔
پی ایس ایل میں کراچی-لاہور مقابلےکی اہمیت وہی ہے جو انٹرنیشنل کرکٹ اور ہاکی میں پاکستان اور بھارت میچز کی ہوتی ہے یا کلب فٹ بال میں ریال میڈرڈ اور بارسلونا کی، یعنی ہم اسے کراچی-لاہور ٹاکرے کو پی ایس ایل کا 'ایل کلاسیکو' کہہ سکتے ہیں۔
جب 2016ء میں پاکستان سپر لیگ کا آغاز ہوا تو یہ کراچی-لاہور مقابلہ ہی تھا کہ جس نے دونوں شہروں کی روایتی مسابقت کو ایک نیا رُوپ دیا اور ساتھ ہی لیگ کی مقبولیت کو بھی عروج پر پہنچا دیا۔ دبئی کے میدان پر ہونے والا پہلا کراچی-لاہور مقابلہ بہت یادگار تھا کہ جس میں محمد عامر کی ہیٹ ٹرک نے کراچی کو کامیابی دلائی تھی۔ یہی نہیں بلکہ اُس سیزن میں ہونے والے دوسرے میچ میں بھی کراچی نے باآسانی کامیابی حاصل کی تھی۔