پاکستان

سعودی عرب کا پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا فیسوں میں کمی کا اعلان

پاکستانیوں کے لیے 'وزِٹ ویزا' کی فیسوں میں کمی کی منظوری دے دی گئی ہے جس کا اطلاق 15 فروری 2019 سے ہوگا، سعودی سفارتخانہ
|

اسلام آباد: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد سے قبل سعودی سفارت خانے کا پاکستانی شہریوں کے لیے ویزہ فیس میں کمی کا اعلان کردیا۔

سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی شہریوں کے لیے 'وزِٹ ویزا' کی فیسوں میں کمی کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کا اطلاق 15 فروری 2019 سے ہوگا۔

ویزا فیسوں میں کمی کی پریس ریلیز

بیان میں کہا گیا کہ سنگل انٹری وزٹ ویزا فیس 2 ہزار سے کم کر کے 338 ریال، جبکہ ملٹی پل انٹری وزٹ ویزا فیس 3 ہزار سے کم کے 675 ریال کر دی گئی ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اتوار کو اسلام آباد پہنچیں گے۔

انہیں پہلے ہفتہ کو پاکستان پہنچنا تھا تاہم بعد ازاں ان کے دورے میں ایک روز کی تاخیر کردی گئی۔

اعلیٰ اختیاراتی وفد بھی ولی عہد کے ہمراہ ہوگا جس میں سعودی شاہی خاندان کے افراد، اہم وزرا اور ممتاز تاجر شامل ہوں گے۔

اپریل 2017 میں ولی عہد کا منصب سنبھالنے کے بعد سعودی ولی عہد کا یہ پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: 'سعودی ولی عہد کے دورے سے گزشتہ 10 سال سے زیادہ سرمایہ کاری ہوگی'

اپنے دورے کے دوران محمد بن سلمان صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کریں گے۔

سینیٹ کا ایک وفد بھی سعودی ولی عہد سے ملاقات کرے گا جس میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کے فروغ کے مختلف طریقوں پر غور کیا جائے گا۔

ولی عہد کے ہمراہ آنے والے سعوی وزرا اپنے ہم منصب وزرا سے ملیں گے اور ملاقاتوں میں متعلقہ شعبوں میں دوطرفہ تعاون سے متعلق امور پر بات چیت کی جائے گی۔

سعودی ولی عہد کے دورے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے جبکہ دونوں ممالک، دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں موثر اور فوری پیشرفت یقینی بنانے کے مختلف طریقوں پر بھی بات چیت کریں گے۔

دریں اثنا دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد کے اسلام آباد کے دورے کے موقع پر پاکستان اور سعودی عرب، ذرائع ابلاغ کے درمیان تعاون سے متعلق ایک ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت اطلاعات و ذرائع ابلاغ کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔