کھیل

پی ایس ایل کے دوسرے روز ’بچوں میں کینسر کی آگاہی کا دن‘ منایا گیا

شعیب ملک اور عماد وسیم نے کینسر سے متاثرہ بچے کو اپنی اپنی ٹیموں کی آٹو گراف کی جرسی بھی پیش کی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے روز بچوں میں کینسر کی آگاہی سے متعلق دن منایا گیا اور کھلاڑیوں نے بازووں میں گولڈن رنگ کی پٹیاں بھی باندھیں۔

پی ایس ایل کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ پی ایس ایل کے دوسرے روز بچوں میں کینسر کی آگاہی سے متعلق دن منایا جارہا ہے۔

ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ آج کے دن کو منانے کے لیے وکٹ پر لگائے گئے اسٹمپ بھی گولڈن رنگ میں رنگے ہوئے ہیں۔

پی ایس ایل کے چوتھے روز پہلا میچ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان جبکہ دوسرا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے مابین کھیلا گیا۔

پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کینسر سے متاثرہ بچوں کی تصاویر بھی شائع کی گئیں۔

ملتان سلطانز کے مطابق یہ بچے کینسر کے مریض ہیں جو شوکت خانم ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کپتانوں شعیب ملک اور عماد وسیم نے کینسر سے متاثرہ بچے زین کو اپنی اپنی ٹیموں کی آٹو گراف شدہ جرسی بھی پیش کی۔

اس حوالے سے پاکستان سپر لیگ کی جانب سے دونوں ٹیموں اور کپتانوں کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔

اسی طرح 15 فروری کو ہی کھیلے جانے والے دوسرے میچ کے اختتام پر پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے بھی کینسر سے متاثرہ بچی کو اپنی اپنی ٹیموں کی جرسی پیش کی۔

دونوں کپتانوں نے بچوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔