زوہیب حسن کا پی ایس ایل انتظامیہ پر کاپی رائٹس کے خلاف کارروائی کا اعلان
ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں نازیہ اور زوہیب حسن کے مقبول گانے ’ڈسکو دیوانے‘ کو پیش کیا گیا تھا۔
پاکستانی پاپ گلوکار زوہیب حسن نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) انتظامیہ پر اجازت کے بغیر اپنے گانے کو افتتاحی تقریب میں پیش کرنے پر قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔
پی ایس ایل کے چوتھے سیزن کا آغاز 14 فروری کو ہوا تھا اور اس کی افتتاحی تقریب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں ہوئی تھی۔
افتتاحی تقریب میں متعدد گلوکاروں نے معروف گانے پیش کیے۔
پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں گلوکارہ آئمہ بیگ اور شجاع حیدر نے ماضی کے مقبول گانے ’ڈسکو دیوانے‘ پر پرفارمنس کی تھی۔
’ڈسکو دیوانے‘ کو ماضی میں پاپ گلوکارہ نازیہ حسن اور زوہیب حسن نے گایا تھا جو گلوکار زوہیب حسن کی بہن تھیں۔
’ڈسکو دیوانے‘ کو اجازت کے بغیر پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں گانے پر زوہیب حسن نے برہمی کا اظہار کیا اور ایونٹ انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔