ہمیشہ کی طرح ایک مرتبہ پھر، اسلام آباد اوّل، لاہور آخر!
انگریزی کا مقولہ ہے کہ پہلا تاثر ہی دیرپا تاثر ہوتا ہے۔ اسی لیے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے سیزن میں تمام ہی ٹیموں کے پہلے 'درشن' کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔
دبئی کے عظیم الشان اسٹیڈیم میں ’جنون‘ کی دھماکا خیز کارکردگی اور یادگار آتش بازی کے بعد مقابلوں کا باضابطہ آغاز ہوا لیکن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ میں اب بھی کوئی فرق نظر نہیں آیا، حالانکہ پلوں کے نیچے سے بہت سا پانی بہہ چکا ہے، دونوں ٹیمیں پچھلے سال کے مقابلے میں کافی حد تک تبدیل ہوچکی ہیں لیکن نتیجہ وہی ہے کہ اسلام آباد پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر ہے جبکہ لاہور آخری نمبر پر۔
اسلام آباد نے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل کے دفاع کی مہم زبردست انداز میں شروع کردی ہے اور لاہور کے سامنے، ہمیشہ کی طرح، کئی سوالات کھڑے ہیں۔
پی ایس ایل 4 کی افتتاحی تقریب کا آدھا جوش تو معروف گلوکار پِٹ بُل کے نہ آنے سے ہی ختم ہوگیا تھا، جو کسر رہ گئی تھی وہ بونی ایم کو بلا کر پوری ہوگئی۔ پھر بھی فواد خان اور جنون نے لاج رکھ دی اور آتش بازی کے ایک زبردست مظاہرے کے بعد دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے قائدین میدان میں اترے۔
مزید پڑھیے: لاہور قلندرز کو 5رنز کیوں ایوارڈ کیے گئے؟ قانون کیا کہتا ہے؟
2 مرتبہ ٹائٹل جیتنے والے اسلام آباد کو اس بار اپنے ’مردِ آہن‘ مصباح الحق کی خدمات میسر نہیں اور وہ محمد سمیع کی زیرِ قیادت ہے جبکہ لاہور کی قیادت چوتھے سیزن میں چوتھے کپتان کے پاس ہے، جس کے لیے قرعہ فال اس بار محمد حفیظ کے نام نکلا۔