صحت

کامیاب شادی کے پیچھے چھپا راز سائنس سامنے لے آیا

آپ کے خیال میں کسی خوش باش شادی شدہ جوڑے کے کامیاب تعلق کے پیچھے کیا راز چھپا ہوتا ہے؟ سائنس نے اب جان لیا۔

آپ کے خیال میں کسی خوش باش شادی شدہ جوڑے کے کامیاب تعلق کے پیچھے کیا راز چھپا ہوتا ہے؟

اگر طبی سائنس کی بات مانی جائے تو اس میں ہمارا کوئی کمال نہیں بلکہ یہ جینز کا اثر ہوتا ہے۔

یہ بات ایک نئی امریکی تحقیق میں سامنے آئی۔

بنگ ہیمپٹن یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا مخصوص جینز کا امتزاج یا جینوٹائپس لوگوں کی کامیاب شادی پر اثرانداز ہوتے ہیں۔

محققین نے تحقیق کے دوران یہ جاننے کی کوشش کی کہ انسان کے اندر مسرت کا احساس دلانے والے آکسی ٹوسین ریسیپٹر جین کس حد تک شادی کے بعد بننے والے رشتے کے معیار پر اثرانداز ہوتے ہیں۔

یہ جین آکسی ٹوسین کو ریگولیٹ اور ریلیز کرنے میں مدد دیتا ہے اور محققین کا کہنا تھا کہ پہلے تحقیقی رپورٹس میں عندیہ دیا گیا تھا کہ ازدواجی تعلق کا انحصار جزوی طور پر جینیاتی عناصر پر ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آکسی ٹوسین سماجی تعاون سے متعلق ہوتا ہے جو کہ ازدواجی رشتے کے لیے انتہائی ضروری پہلو ہے، تاہم اب پہلی بار ہم نے ایسے شواہد پیش کیے ہیں کہ مخصوص جینز کا امتزاج شادی کے معیار پر اثرانداز ہوتا ہے۔

محققین کے مطابق ہم نے آکسی ٹوسین ریسیپٹر جین کے 2 مخصوص مقامات دریافت کیے اور معلوم ہوا کہ یہ شوہر اور بیوی دونوں کے رویوں پر اثرانداز ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ابھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ شادی کو کامیاب بنانے میں یہ عنصر کتنا زیادہ اثرانداز ہوتا ہے۔