بھارتی فوج کا امریکی کمپنی سے 72 ہزار سے زائدخودکار رائفلز کا معاہدہ
بھارتی فوج نے امریکی اسلحہ ساز کمپنی سیگ سیوگر سے ہنگامی بنیادوں پر 72 ہزار 400 خود کار رائفلز کی خریداری کے لیے معاہدے پر دستخط کر لیے اور 93 ہزار کاربین رائفلز کا معاہدہ آخری مراحل میں ہے۔
دی ہندو میں شائع رپورٹ کے مطابق ’بھارت امریکی اسلحہ ساز کمپنی سیگ سیوگر نامی کمپنی سے فاسٹ ٹریک پروکیورمنٹ (ایف ٹی پی) کے تحت 70 ارب روپے مالیت کی رائفل خریدے گا‘۔
یہ بھی پڑھیں: ہندوستان اور اسرائیل گٹھ جوڑ: مگر کس کے خلاف؟
اس حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس جنوری میں بھارتی محکمہ ڈیفنس کی کونسل نے ابتدائی بنیادوں پر 72 ہزار 400 خود کار رائفل (ایس آئی جی 716) اور 93 ہزار 895 دیگر رائفل خریدنے کی منظوری دی تھی۔
محکمہ ڈیفنس کے مطابق ’مذکورہ رائفلز مختلف حساس محاذوں میں تعینات فوجیوں کو فراہم کی جائیں گی‘۔
معاہدے کے تحت حاصل ہونے والی رائفلز کے حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ ’72 ہزار 200 ایس آئی جی 716 جدید رائفلز میں سے 66 ہزار 400 بری، 2ہزار بحری اور 4 فضائیہ کو فراہم کی جائیں گی‘۔