مشکل حالات کے باوجود پاکستان سپر لیگ کامیاب برانڈ آخر کیسے بنی؟
پی ایس ایل مقبول ترین لیگز میں سےایک بن چکی اور شاید کوئی بڑا نام ہو جو لیگ کھیلتا ہو مگر پی ایس ایل میں شرکت نہ کی ہو
پاکستان میں ریکارڈ سردیاں پڑنے کے بعد امید ہے کہ آئندہ چند روز میں ٹھنڈک کا زور ٹوٹ جائے گا اور ماحول پر چھائی سرد مہری کا بھی خاتمہ ہوجائے گا، لیکن اگر موسم کی شدت میں فرق نہ پڑے تو بھی کوئی بات نہیں کیونکہ دلوں کو گرمانے کے لیے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا چوتھا سیزن بس شروع ہونےہی والا ہے۔
توقعات کے بوجھ تلے دبے اس سیزن کے بارے میں کئی خدشات تو موجود ہیں لیکن ان سے آنکھیں چراتے ہوئے ماضی پر نظر دوڑاتے ہیں۔
آغاز
پاکستان سپر لیگ کا آغاز 2016ء میں بلند و بانگ دعوؤں کے ساتھ ہوا تھا اور سچ یہ ہے کہ ہمیں ان پر ذرا سا بھی یقین نہیں آیا تھا، پھر یہ سوچنا تو بہت دُور کی بات کہ پی ایس ایل اتنی کامیاب ہوگی کہ چوتھے سیزن تک پہنچ جائے گی۔