لائف اسٹائل

شیخ زاید کی زندگی پر فلم بنانے کی تیاریاں

عرب دنیا کے معروف حکمران اور یو اے ای کے پہلے صدر پر بنائی جانے والی فلم کی ہدایات بھارتی فلم ساز دیں گے۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سابق اور پہلے صدر شیخ زاید بن سلطان النہیان کی زندگی پر فلم بنائے جانے کی چہ مگوئیاں یوں تو کافی عرصے سے جاری تھیں۔

تاہم اس حوالے سے تاحال تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

لیکن اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ یو اے ای کی ریاست ابو ظہبی کے سابق بادشاہ اور متحدہ عرب امارات کے سابق اور پہلے صدر شیخ زاید کی زندگی پر فلم بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔

شوبز ویب سائٹ ’ہولی وڈ رپورٹر‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شیخ زاید بن سلطان النہیان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کی کہانی معروف فلم ’گلیڈی ایئٹرز‘ کے لکھاری ڈیوڈ فرانزونی لکھیں گے۔

رپورٹ کے مطابق شیخ زاید کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کی ہدایات بولی وڈ کے معروف فلم ساز شیکھر کپور دیں گے جو اس سے قبل بھی کچھ معروف انگریزی فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں۔

فلم کی کہانی ڈیوڈ فرانزونی لکھیں گے—فوٹو: اسٹینڈر ڈاٹ کو

اس فلم کی پروڈکشن بھی ہولی وڈ اور یو اے ای سمیت بھارت کے پروڈکشن ہاؤسز مشترکہ طور پر کریں گے۔

فوری طور پر یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ شیخ زاید کی زندگی پر کب تک فلم سامنے آئے گی، تاہم خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کی زندگی پر فلم کی شوٹنگ آئندہ سال شروع ہونے کا امکان ہے۔

ابھی شیخ زاید کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کی کاسٹ کا اعلان بھی سامنے نہیں آ سکا، تاہم امکان ہے کہ آئندہ چند ماہ میں کاسٹ کا بھی اعلان کردیا جائے گا۔

فلم کی ہدایات شیکھر کپور دیں گے—فوٹو: ٹیڈ ڈاٹ کام

خیال رہے کہ شیخ زاید بن سلطان النہیان 1918 میں پیدا ہوئے اور 2004 میں 86 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

شیخ زاید کا تعلق ابو ظہبی سے تھا اور وہ ملک کے لگ بھگ 40 سال تک سربراہ رہے تھے۔

شیخ زاید کو متحدہ عرب امارات کا بانی سمجھا جاتا ہے، انہوں نے ہی یو اے ای کی تمام ریاستوں کو متحد کیا اور وہ اس کے پہلے صدر بھی منتخب ہوئے۔

شیخ زاید 1972 میں یو اے ای کے پہلے صدر منتخب ہوئے اور اپنے انتقال تک اس عہدے پر براجمان رہے۔

شیخ زاید کو یو اے ای اور ابو ظہبی کا روشن خیال حکمران سمجھا جاتا ہے، ان کے دور میں ہی متحدہ عرب امارات میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے کئی منصوبے شروع ہوئے اور مختلف ریاستوں نے تیل تلاش کرنے کے کام کو تیز کیا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کو بیک وقت عربی، انگریزی اور ممکنہ طور پر ہندی زبانوں میں ریلیز کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

شیخ زاید کو روشن خیال حکمران مانا جاتا تھا—فوٹو: یو اے اے قونصلیٹ