400 سال پرانا نایاب درخت چوری
دنیا بھر میں ڈکیت ہمیشہ اس کوشش میں لگے رہتے ہیں کہ وہ کوئی نایاب اور ایسی قیمتی چیز چرائیں جن سے انہیں ڈھیر ساری دولت ملے۔
اور اسی مقصد کے تحت دنیا بھر میں ڈاکو ایک سے بڑھ کر ایک نایاب اور قیمتی چیزیں چراتے رہے ہیں۔
دنیا کی تاریخ ایسی ڈکیتیوں سے بھری پڑی ہے جن میں چور نایاب چیزوں کو چرا کر فرار ہوگئے اور ان میں سے بیشتر چیزوں کا آج تک سراغ نہیں لگایا جا سکا۔
حال ہی میں چوری کا ایک ایسا منفرد واقعہ جاپان میں بھی پیش آیا، جہاں چور نایاب درخت سمیت مجموعی طور پر 7 چھوٹے درخت چرا کر فرار ہوگئے۔
جی ہاں، جاپان کے شہر ٹوکیو سے چور 400 سال پرانے نایاب اور خوبصورت درخت سمیت 7 ایسے درخت چرا کر فرار ہوگئے جنہیں دنیا کے خوبصورت درخت بھی کہا جاتا تھا۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ چور ٹوکیو کے باغیچے سے کم سے کم 4 صدیاں پرانے درخت سمیت 7 چھوٹے ’بونسائی‘ نسل کے درخت چرا گئے۔