پاکستان سے منشیات کا مکمل خاتمہ کریں گے، وزیر مملکت
وزیر مملکت داخلہ شہر یار آفریدی کا کہنا ہے کہ منشیات ہمارے نوجوانوں اور انسانیت کو متاثر کر رہی ہے، حکومت ملک کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے پر عزم ہے اور جلد پاکستان کو منشیات سے پاک بنانا چاہتی ہے۔
کراچی میں کوسٹ گارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے منشیات کی روک تھام میں کوسٹ گارڈز کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ملک سے منشیات کے خاتمے میں کوسٹ گارڈز کا اہم کردار ہے۔
مزید پڑھیں: ’جو بھی منشیات کے ساتھ پکڑا گیا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم عالمی سطح پر منشیات کا خاتمہ چاہتے ہیں اور اس کی روک تھام کے لیے پاک-افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا کام جاری ہے‘۔
انہوں نے کہ منشیات کسی بھی معاشرے کے لیے ناسور ثابت ہوتی ہے، منشیات کےخلاف آپریشن کا تقاضہ یہ ہے کہ اسے ٹیم ورک میں سرانجام دیا جائے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ’منشیات ہمارے نوجوانوں اورانسانیت کومتاثرکر رہی ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا منشیات کے خلاف میڈیا پر تشہیری مہم چلانے کا حکم
انہوں نے کہا کہ منشیات کےخلاف آپریشن کوپورے ملک میں پھیلا رہے ہیں اور انشااللہ بہت جلد پاکستان کو منشیات سے پاک کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کوسٹ گارڈز کی تقریب میں 40 ارب روپے کی منشیات کو آگ لگائی جائے گی۔