’سندھ میں مہلک ٹائیفائیڈ کی وبا پر قابو پانے کی کوششیں جاری’
اس ٹائیفائیڈ پر تھرڈ جنریشن اینٹی بائیوٹکس کا اثر نہیں ہوتا تاہم 2 ادویات ان کے علاج میں موثر ثابت ہوئی ہیں، صحت حکام
کراچی: سندھ کے وزیر صحت نے ڈرگ انسپکٹرز، متعلقہ حکام اور اداروں کو ٹائیفائیڈ کی وبا پر قابو پانے والی 2 اہم ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ صوبہ سندھ میں بڑی تعداد میں لوگ معمول کی ادویات سے صحت یاب نہ ہونے والے ٹائیفائیڈ کی وبا میں مبتلا ہوگئے ہیں جس سے درجنوں افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔
صوبے کے چیف ڈرگ انسپکٹر نے صوبے کے تمام اضلاع کے ڈرگ انسپکٹرز، پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچرز ایسوسی ایشن فارما بیورو، پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن، سندھ اور ہول سیل کراچی فارما آرگنائزیشن کو ہدایت کی کہ زندگیاں بچانے کے لیے مناسب مقدار میں 2 اہم ترین اینٹی بائیوٹکس کی دستیابی یقینی بنائیں۔