ایف آئی اے نے صحافی رضوان رضی کو ریاستی اداروں کے خلاف ‘ٹویٹس’ پر گرفتار کرلیا
رضوان رضی کو تفتیش کیلئے طلب کیا گیا تھا، انہوں نے ریاستی اداروں کے خلاف ٹویٹس کا اعتراف کر لیا، ایف آئی اے کا دعویٰ
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے نجی چینل 'دن نیوز' کے سینئر صحافی رضوان الرحمٰن رضی عرف رضی دادا کو ٹویٹر میں عدلیہ، حکومتی اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیز کے خلاف ‘ہتک آمیز اور نفرت انگیز’ مواد پوسٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے 8 فروری کو درج کی گئی ایک ایف آئی آر کے مطابق رضوان رضی کو انکوائری کے لیے ‘طلب’ کیا گیا تھا اور بیان ریکارڈ کیا گیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے جاری کی گئی ایف آئی آر اور رضوان رضی کے فیس بک اکاؤنٹ سے جاری بیان میں تضاد پایا جاتا ہے، جہاں ان کے اکاؤنٹ سے ان کے بیٹے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘ابھی صبح سویرے میرے باپ کو کچھ لوگ گاڑی میں دھکا مار کر اٹھا لے گئے ہیں’۔