ووٹ لینے کیلئے بھارتی حکومت کی نئی چال، 'دلہنوں' کو 'سونا' دینے کا منصوبہ
منصوبے کے تحت 80 ہزار دلہنوں کو ایک تولہ سونا دیا جائے گا، ایک خاندان کی 2 خواتین سونا حاصل کرسکیں گی۔
بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام کی حکومت نے عام انتخابات سے قبل غریب خاندان سے تعلق رکھنے والی 'دلہنوں' کو ایک تولہ سونا دینے کے منصوبے کا اعلان کردیا۔
ریاست کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے آسام کے لیے یہ اعلان بھارت میں عام انتخابات سے چند ماہ قبل کیا گیا۔
خیال رہے کہ آسام کے عوام ’کم تنخواہوں اور ملازمتوں کی کمی‘ کی وجہ سے بی جے پی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق آسام کے وزیر خزانہ ہیمانتا بسوا سرما نے گزشتہ روز 20-2019 کے بجٹ کا اعلان کرتے ہوئے غریب خاندان سے تعلق رکھنے والی دلہنوں کو ایک تولہ سونا اور فی کلو چاول ایک روپے میں دینے کا اعلان کیا۔
آسام کے وزیر خزانہ نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت 80 ہزار دلہنوں کو ایک تولہ سونا دیا جائے گا، جو کہ 11.66 گرام سونے کے برابر ہے۔