ورلڈ کپ کی تیاریوں میں دیگر ٹیموں سے آگے ہیں، آرتھر
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ قومی ٹیم کی ورلڈ کپ کی تیاریاں درست سمت میں گامزن نہیں اور ہم عالمی کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں کئی ٹیموں سے آگے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ دورہ جنوبی افریقہ میں ہم توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھا سکے، جنوبی افریقہ میں وکٹ بیٹنگ کے لیے مشکل ہوتی ہیں لیکن کھلاڑیوں نے ٹیسٹ کرکٹ کے علاوہ مجموعی طور پر اچھی کرکٹ کھیلی۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کو دورہ جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ کے بعد ون ڈے سیریز میں 2-3 اور ٹی20 سیریز میں 1-2 سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
مزید پڑھیں: سرفراز کو ورلڈ کپ 2019 تک کپتان بنانے کا اعلان
سرفراز احمد کی بیٹنگ پوزیشن میں مستقل تبدیلی کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ سرفراز نے اوپری نمبروں کے ساتھ ساتھ نیچے کھیلتے ہوئے بھی ہمارے لیے بہترین کارکردگی دکھائی۔ ہمیں یہ سمجھنا ہو گا کہ وہ ایک طویل دورے سے لوٹے ہیں اور فارم آنی جانی چیز ہے۔ جب ایک کھلاڑی فارم میں نہ ہو تو ہمیں اپنے اس کھلاڑی کو وکٹ پر بھیجنا ہوتا ہے جو فارم میں ہو۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ سرفراز وکٹ کیپر اور بلے باز ہیں جبکہ وکٹ کیپنگ بذات خود ایک مکمل کام ہے اور گزشتہ چند ماہ میں سرفراز کے اعدادوشمار بہترین ہیں۔ ان کی فارم نہیں گئی اور ساڑھے چار ماہ میں انہوں نے صرف 8 بار گیند ڈراپ کی جبکہ صرف ایک کیچ اور اسٹمپ نہیں کر سکے۔ ان کا بنیادی کام وکٹ کیپنگ کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرفراز کی بیٹنگ پر ہم انتھک محنت کر رہے ہیں لیکن میں سرفراز احمد کی بیٹنگ کو لے کر بالکل بھی پریشان نہیں ہوں اور میرے ان سے بہت خوشگوار تعلقات ہیں۔ مجھے پتہ ہے کہ جس دن انہوں نے رنز بنانا شروع کیے تو وہ ہمیں میچ جتا کر دیں گے۔