بھارت: کانگریس کا بیک وقت 3 طلاقیں دینے پر سزا کو ختم کرنے کا عندیہ
نئی دہلی: بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس نے کہا ہے کہ اگر ان کی جماعت انتخابات میں کامیاب ہوگئی تو وہ وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے جاری کردہ اس حکم نامے کو ختم کردے گی جس میں ایک ساتھ 3 طلاق دینے پر مسلمان مردوں کو جیل بھیجنے کا کہا گیا تھا۔
بین الاقوامی خبررساں ایجنسی کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پرست جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جنوری میں ایک خصوصی حکم جاری کرتے ہوئے مسلمان مردوں کے 3 مرتبہ لفظ ’طلاق‘ کہہ کر اپنی اہلیہ کو بیک وقت طلاق دینے کو قابلِ سزا جرم قرار دیا تھا۔
حکم نامے کی رو سے ایک ساتھ 3 طلاقیں دینے پر 3 سال جیل کی سزا مقرر کی گئی تھی جبکہ مذکورہ بل لوک سبھا یا ایوانِ زیریں میں منظور کرلیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت: ایک ساتھ تین طلاق پر سزا کا بل لوک سبھا سے منظور
تاہم جب ایوانِ بالا (راجیہ سبھا) میں بیک وقت 3 طلاقوں کو ناقابلِ ضمانت جرم بنانے کا بل پیش کیا گیا تو کانگریس اور کچھ دیگر جماعتوں کی مزاحمت کے باعث یہ منظور نہیں ہوسکا تھا، جس کے بعد حکومت نے اس پر خصوصی حکم نامہ جاری کردیا تھا۔