کھیل

نکولس پورَن پی ایس ایل سے آؤٹ، جانسن چارلس ملتان سلطانز میں شامل

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ملتان سلطانز نے جانس چارلس کی شمولیت کے حوالے سے پرومو بھی جاری کردیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2019 کے افتتاح سے قبل ملتان سلطانز کے ایک اور کھلاڑی ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے تاہم ان کا متبادل ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔

ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر بیٹسمین نکولس پورَن کو انگلینڈ کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف ہونے والی اس ون ڈے سیریز میں شرکت کی وجہ سے نکولس پورَن ملتان سلطانز کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کے میچز نہیں کھیل سکیں گے۔

ادھر ملتان سلطانز نے بھی پورَن کی جگہ دوسرے وکٹ کیپر جانسن چارلس کو اسکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے، جن کا تعلق بھی ویسٹ انڈیز سے ہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئنٹر پر ملتان سلطانز نے جانسن چارلس کی شمولیت کے حوالے سے پرومو بھی جاری کردیا۔

جانسن چارلس ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک وسیع تجربہ رکھتے ہیں جو بین الاقومی اور لیگز کرکٹ میں اب تک ایک سو 35 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں اور اپنے جارح مزاج بلے بازی کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ ملتان سلطانز کو پی ایس ایل کے آغاز سے قبل یہ پہلا دھچکا نہیں بلکہ ان سے قبل آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے اسٹیو اسمتھ بھی انجری کا شکار ہو کر پی ایس ایل 2019 میں ملتان سلطانز کو چھوڑ کر چلے گئے۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیز کا آغاز رواں ماہ 14 فروری سے ہورہا ہے جبکہ اس ایونٹ کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔